ٹیکنالوجی کے دور میں طلبا اسوہ حسنہ اپنائیں،ڈاکٹر زبیر

ٹیکنالوجی کے دور میں طلبا اسوہ حسنہ اپنائیں،ڈاکٹر زبیر

سیرت رسول ؐ تمام انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے ،حافظ محمد ثانی،مفتی عزیز،اتباع رسولؐ ہی پیغام ربیع الاول ہے ،محمد علی جناح یونیورسٹی میں سیرت کانفرنس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)محمد علی جناح یونیورسٹی میں ’’سیرت النبی ؐ کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا ، مہمانان خصوصی مفتی ڈاکٹر عزیز الرحمن اور پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد ثانی تھے۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآنِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں عمیر جاوید انصاری نے نعت شریف پڑھی۔ محمد علی جناح یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر زبیر احمد شیخ نے کانفرنس میں سیرت النبیؐ کی عالمگیریت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کے جدید دور میں طلبہ و طالبات آپ ؐ کے اسوہ حسنہ کو بحسن و خوبی اپنائیں۔ پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد ثانی نے سیرت محمدؐ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ رسول ؐاکرم کی سیرت پاک تمام انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے ۔ انہوں نے علامہ اقبال کے معروف اشعاربھی پڑھے ۔ مفتی ڈاکٹر عزیز الرحمن نے طلبا کو سیرت النبیؐ کی اہمیت و افادیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اتباعِ رسولؐ ہی پیغام ربیع الاوّل ہے۔ محمد علی جناح یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد ریحان نے مقام و محبت رسول اکرم ؐ پر علامہ اقبال کے اشعار پر روشنی ڈالی۔ کانفرنس کا مرکزی خیال نبیؐ کی حدیث مبارکہ ’’ افشوالسلام بینکم‘‘ تھا، جس کی بہت عمدہ وضاحت اور معاشرتی ضرورت کو مفتی اسامہ سرفراز نے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے اندر دعا ہے، دعاؤں کا اہتمام کرنا چاہیے، سلامتی سے دوسرا انسان محفوظ ہوجاتا ہے۔ اختتام پر مہمانان گرامی کو شیلڈز پیش کی گئیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں