مسائل زدہ علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی،نجمی عالم

مسائل زدہ علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی،نجمی عالم

نکاسی کیلئے نئی لائنیں ضرورت کے مطابق ڈالیں گے ،نائب چیئرمین واٹربورڈ،پانی کے بے دریغ استعمال اور چوری سے مسائل گمبھیر ہورہے ہیں،کاٹی کا دورہ

کراچی (بزنس رپورٹر)پانی کی نکاسی کے سلسلے میں جہاں پر مسائل زیادہ ہوں گے وہاں خصوصی توجہ مبذول کرتے ہوئے نئی لائنیں ضرورت کے مطابق ڈالیں گے۔ ان خیالات کا اظہار کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو ایس بی) کے نائب چیئرمین نجمی عالم نے کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے دورے کے موقع پر کیا۔ تقریب میں کاٹی کے صدر سلمان اسلم، سینئر نائب صدر ماہین سلمان، نائب صدر سید فرخ قندھاری، سابق صدور سلیم الزماں، زاہد سعید، چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے واٹر اینڈ سیوریج نگہت اعوان سمیت دیگر اراکین و ممبران موجود تھے۔ نجمی عالم نے مزید کہا کہ سیوریج کے نظام میں بہتری کیلئے کوششیں جاری ہیں، باہمی مشاورت سے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، کراچی میں آبادی تیزی سے بڑھی ہے جس سے سیوریج کے نظام پر شدید دباؤ بڑھا ہے، مسائل اتنے زیادہ ہیں کہ ان کو حل کرنے میں وقت درکار ہوگا، عوام کی جانب سے بھی پانی کے بے دریغ استعمال اور چوری سے مسائل مزید گمبھیر ہوتے جا رہے ہیں۔ نجمی عالم نے کہاکہ واٹر بورڈ پانی کی دستیابی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے۔ اس سے قبل کاٹی کے صدر سلمان اسلم نے واٹر بورڈ کے نائب چیئرمین نجمی عالم کو کاٹی آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں سیوریج کے مسائل جوں کے توں ہیں، صنعتکار سیکٹر 23،24 میں اپنی مدد آپ کے تحت سیوریج کا نظام چلا رہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں