جشن میلادؐ آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائیگا

جشن میلادؐ آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائیگا

دن کا آغاز صبح بہاراں سے ہوگا،کراچی میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی،مرکزی جلوس سہ پہر تین بجے نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی جشن میلاد النبی ؐ منگل (آج) کو مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ دن کا آغاز صبح بہاراں سے ہوگا، مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی، طلوع آفتاب سے پہلے صوبائی دار الحکومت میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی، شہر کی فضائیں درود و سلام سے گونجیں گی، شہریوں کی بڑی تعداد نیاز کی تقسیم کا اہتمام کرے گی، جشن میلاد النبیؐ کے حوالے سے شہر بھر سے جلوس نکالے جائیں گے، مرکزی جلوس 3 بجے سہ پہرنیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے براستہ ایم اے جناح روڈ علامہ شاہ عبد الحق قادری ، حاجی حنیف طیب، مولانا ابرار احمد رحمانی و دیگر علما کی قیادت میں نشتر پارک کیلئے روانہ ہو گا اور بعد نماز عصر نشترپارک میں جلسہ ہو گا۔ پہلا جلوس دس بجے دن کورنگی سے جماعت اہلسنّت کے تحت نکالا جائے گا، ایک بڑا جلوس سنی تحریک کے تحت ثروت اعجاز قادری کی سربراہی میں نکلے گا۔ مرکزی جلوس کے راستوں اور گزرگاہوں پر چار ہزار سے زائد پولیس کے افسران و اہلکار تعینات ہوں گے ۔ کراچی پولیس ترجمان کے مطابق کراچی پولیس کے 78 سینئر افسران سمیت 747 این جی اوز، 4087 ہیڈ کانسٹیبل/کانسٹیبل جبکہ سیکیورٹی ڈویژن کے 658 اہلکاروں سمیت اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے 400 کمانڈوز ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں