نبی ؐکی حیات مبارکہ انسانیت کیلئے مشعل راہ، نوشابہ خلیل
آپ ؐکی دنیا میں تشریف آوری کا مقصد اخلاقی اقدار کو معاشرے میں نافذ کرنا تھا،ہمدرد فاؤنڈیشن کے تحت نونہال سیرت کانفرنس، سعدیہ راشد نے بھی شرکت کی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت ہمدرد نونہال سیرت کانفرنس ’’پیارے نبی ؐکا حسن اخلاق‘‘ کے موضوع پر بیت الحکمہ آڈیٹوریم، مدینۃ الحکمہ میں گزشتہ روز منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں ممتاز صنعت کار اور شوریٰ ہمدرد کی رکن نوشابہ خلیل ستار کو بطور مہمان مقرر مدعو کیا گیا۔ کانفرنس میں صدر ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان سعدیہ راشد نے بھی شرکت کی۔ نوشابہ خلیل ستار نے خطاب میں کہا کہ نبی کریم ؐکی حیات مبارکہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے، آپ ؐنے انسانی سماج میں موجود خرابیوں کو دور کیا، آپ ؐکی دنیا میں تشریف آوری کا مقصد اخلاقی اقدار کو معاشرے میں نافذ کرنا تھا، نبی ؐکی آمد بنی نوع انسان کے لیے رشد و ہدایت کا ذریعہ بنی، قرآنی تعلیمات کا عملی نمونہ نبی کریمؐ کا اسوہ حسنہ ہے، اسلام کے بنیادی ارکان بھی انسان کی اخلاقی تربیت کرتے ہیں، نماز عاجزی سکھاتی ہے ، روزہ سخت حالات میں برداشت و تحمل، زکوٰۃ انسانوں کی مدد اورحج صبر و تقویٰ سکھاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کو نبی کریم ؐکی تعلیمات پر عمل کرنا چاہیے، کیونکہ جس نے حیات طیبہ کو اپنایا اس نے معراج پائی، شہید حکیم محمد سعید نے اسلامی تعلیمات پر پوری طرح سے عمل کیا، اسی لیے وہ حسن اخلاق کا پیکر تھے۔ کانفرنس کے اختتام پر سعدیہ راشد اور نوشابہ خلیل ستار نے نونہال سیدہ حورین ارسلان کی رسم بسم اللہ ادا کی۔