فائرنگ وحادثات میں خاتون سمیت5افرادہلاک

فائرنگ وحادثات میں خاتون سمیت5افرادہلاک

کنڈیارومیں بریانی کی تقسیم پرجھگڑا،چھریوں کے استعمال سے چارافراد زخمی

سکھر،اندرون سندھ (نمائندگان دنیا)سکھر کے نیو بس ٹرمینل کے علاقے میں مسلح ملزمان کی اندھادھند فائرنگ سے روشن لوہر نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ لاڑکانہ سے نمائندے کے مطابق قمبر شہدادکوٹ کے علاقے شاہ وسایو کے قریب وین کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار علی اصغر چنہ، اس کی اہلیہ فریدہ اور بہن فاطمہ شدید زخمی ہوگئیں جن میں سے دوران علاج علی اصغر چنہ اسپتال میں دم توڑگیا۔ دریں اثنا لاڑکانہ شہر اور گرد و نواح میں آوارہ کتوں نے 10 افراد کو کاٹ کر زخمی کردیا۔ محراب پور سے نمائندے کے مطابق قومی شاہراہ پر گاؤں نبھوڑا بھٹی کے قریب ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 25 سالہ مجنوں جانوری جاں بحق اور اس کی بہن اللہ رکھی اور بھتیجا راول زخمی ہوگئے ۔ روہڑی کینال کے قریب دو موٹر سائیکلوں کے تصادم میں تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں ایمبولینس کے نہ پہنچنے پر گدھا گاڑی پر اسپتال منتقل کیا گیا ۔ علاوہ ازیں شہید چوک پر سعید حجام کی دکان کاکاریگر بابر عرف بابو منگی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ کنڈیارو سے نمائندے کے مطابق کنڈیارو ٹول پلازہ پر روڈ حادثے میں ٹرک کی ٹکر سے مسافر کوچ کا کنڈیکٹرفراز اسپتال میں دم توڑ گیا جبکہ کنڈیارو میں جشن میلادنبیؐ کی ریلی کے دوران دو گروپوں کے تصادم میں چاقو لگنے سے ایک ہی گروپ کے چار افراد زخمی ہوگئے۔ میرپورخاص سے نمائندے کے مطابق ڈپٹی کمشنر آفس کی مسجد میں نماز عصر کے بعد اچانک مسجد کی چھت پر لگی فار سیلنگ اور چھت کا پلاستر دھماکے سے گرنے تین افراد جبکہ کورٹ کمپلکس کے احاطے میں موجود بار کونسل کی پرانی عمارت کی چھت کا پلاستر گرنے سے خاتون وکیل نوشین پہوڑ زخمی ہو گئی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں