مدھو مکھیوں کی واپسی،گھوٹکی میں شہدکی پیداوارمیں اضافہ

مدھو مکھیوں کی واپسی،گھوٹکی میں شہدکی پیداوارمیں اضافہ

دودھائی قبل جنگلات کٹنے کے بعد مکھیاں چلی گئی تھیں،شجرکاری کے بعد واپس آگئیں

خانپور مہر (رپورٹ:خان محمدپتافی) گھوٹکی میں باغات کے اضافے کے بعد کافی عرصے قبل نقل مکانی کرجانے والی شہد کی مکھیاں واپس آنے سے گھوٹکی میں شہد کی پیداوار میں اضافہ ہوگیا جو لوگوں کے روزگار کا ذریعہ بن گیا۔ گھوٹکی میں دو دھائی پہلے بڑی مقدار میں شہد پایا جاتا تھا لیکن گھوٹکی کے جنگلات کا صفایا ہونے پر شہد کی مکھیوں نے فصلوں میں اپنا مسکن بنالیا تاہم فصلوں پر زرعی دوائوں کے اسپرے کے باعث بڑی تعداد میں شہر کی مکھیاں مرگئیں جبکہ جو بچیں وہ علاقے سے چلی گئیں ۔گزشتہ دو برس کے دوران لوگوں کے مختلف اقسام کے درخت خاص کر لیموں کے باغات لگانے کے بعدشہد کی مکھیاں واپس آ گئیں اور لیموں کے باغات میں بڑی تعداد میں انہوں نے چھتے بنا لیے ہیں ۔شہد کی مکھیوں کی واپسی سے دیہات کے سیکڑوں لوگوں کا روزگار کھل چکا ہے اور لوگ درختوں سے چھتے اتار کر ان سے شہد نکالنے میں مصروف ہیں اور چار سے پانچ ہزار روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کر رہے ہیں جسے خریدنے کے لئے دور دور سے لوگ گھوٹکی کا رخ کر رہے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں