معاشی ناہمواری کے نظام کو ختم کرنا ہو گا، اسامہ رضی

معاشی ناہمواری کے نظام کو ختم کرنا ہو گا، اسامہ رضی

دین غالب کرنا اولین ذمہ داری، گلشن جمال میں سیرت محمد ؐ کانفرنس سے خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بعثت نبوی ؐکا مقصد دنیا میں اللہ کی حاکمیت قائم کرنا ہے، تمام باطل قوتوں کی نفی کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے دین اور نظام کو غالب کرنے کے لیے جدو جہد اور تحر یک برپا کرنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے ضلع شرقی کے نائب امیر نعیم اختر کی رہائش گاہ گلشن جمال میں ربیع الاول کے حوالے سے منعقدہ سیرت محمد ؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علاقہ ناظم شہزاد عبدالرحیم، فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کے کونسلر امین ابن الحسن ہاشمی اور ناظم حلقہ نسیم اختر سمیت معززین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ڈاکٹر اسامہ رضی نے مزید کہا کہ اللہ کو تو سب مانتے ہیں لیکن اللہ کی بالادستی کے معاملے میں باطل قوتوں نے انسانیت کو تقسیم کر رکھا ہے تاکہ نفس کی خواہش اور اپنے مفادات کی تکمیل کو یقینی بنا سکیں، نبیؐ نے پوری حیات طیبہ کے دوران اللہ کے نظام کو غالب کرنے کے لیے دن رات ایک کر دیا اور اس ضمن میں اللہ کے باغیوں سے کسی قسم کاسمجھوتہ نہیں کیا اور بعد میں خلفا راشدین سے لے کر آج تک تمام صالح اور عدل پر مبنی قوتیں اسی مشن پر گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو خوشگوار ماحول کی فراہمی اور آخرت میں کامیابی کے لیے معاشی ناہمواری کے نظام کو ختم کرنا ہو گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں