نظام اسلام کے نفاذ کیلئے جدوجہد کرنا ہوگی، ثروت قادری
حضورؐ سے محبت کا تقاضا ہے ہر فرد اپنا احتساب،غریب کے حقوق کیلئے آواز اٹھائے،سستے اور فوری انصاف کیلئے تحریک چلائی جائے ،لیاقت آباد میں ریلی سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے انقلابی جدوجہد کرنا ہوگی،غریب کو عدل اورانصاف نہیں مل رہا، نہ ہی معاشی حقوق دیے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت آباد ڈاکخانہ پر پاکستان سنی تحریک کے تحت نکالی جانے والی میلاد ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثروت قادری نے مزید کہا کہ مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے ، مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی، موجودہ حکمرانوں نے عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے، مہنگائی تھمنے کا نام نہیں لے رہی، ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے غربت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، لگتا ہے حکومت غربت کے بجائے غریب کو ختم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکار دو عالم ؐ سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہر فرد اپنا احتساب کرے، غریبوں کو حقوق دلانے کیلئے آواز اٹھائے، عدل وانصاف کی فراہمی ،سستے اور فوری انصاف کیلئے عملی طور پر تحریک چلائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عملی طور پر اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کیلئے دعووں سے کام نہیں چلے گا، عوام غربت سے بیزار ہوکر خودکشی کررہے ہیں، حکمران بتائیں غریبوں کا خون کس کے ہاتھوں میں تلاش کریں، غریب کو روزگار نہیں مل رہا، مہنگائی آسمان کو چھورہی ہے، کوئی غریب کی داد رسی کرنے یا آواز اٹھانے والا نہیں۔