قیوم آباد کی مین شاہراہ پر کچرا کنڈی ختم کی جائے ،راجہ اظہر

قیوم آباد کی مین شاہراہ پر کچرا کنڈی ختم کی جائے ،راجہ اظہر

اشیا خورونوش کی فروخت سرکاری نرخوں کے مطابق یقینی بنائی جائے ، رکن سندھ اسمبلی،تحریک انصاف کے رہنما کا کنٹونمنٹ اسٹیشن کمانڈر،کمشنر کراچی اور ڈی سی کورنگی کوخط

کراچی (این این آئی) تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر کا قیوم آباد سیکٹر سی کی مین شاہراہ پر کچرا کنڈی ختم کرنے کیلئے کنٹونمنٹ اسٹیشن کمانڈر،کمشنر کراچی محمد اقبال میمن اور ڈی سی کورنگی کو خط۔ کنٹونمنٹ اسٹیشن کمانڈر کو لکھے گئے خط میں انہوں نے کہا کہ قیوم آباد سیکٹر سی کی مین شاہراہ پر کچرا کنڈی ختم کی جائے ،کچرے کا ڈھیر علاقہ مکینوں کی پریشانی کا سبب بن رہا ہے ،سی ای او کنٹونمنٹ کلفٹن کو بھی اس معاملے پر خط لکھا گیا، ان کی جانب سے خط کا جواب موصول نہ ہونا افسوسناک ہے،کراچی میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے ، گندگی اور کچرے کے ڈھیر ختم نہ کیے گئے تو ڈینگی میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، امید کرتا ہوں میرے خط کے بعد اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ رکن سندھ اسمبلی نے کمشنر کراچی اقبال میمن اور ڈی سی کورنگی کو لکھے گئے خط میں کہا کہ کراچی میں اشیا خورونوش کی فروخت سرکاری نرخوں کے مطابق یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں، پی ٹی آئی نے علاقائی مسائل اور ناجائز منافع خوروں کی نشاندہی میں اپنا کردار ادا کیا ہے ، حلقہ پی ایس 97 میں اشیا خور و نوش کی فراہمی سرکاری نرخوں کے مطابق نہیں ہورہی، ریٹیلرز اور تھوک فروش من مانے نرخوں پر اشیا فروخت کررہے ہیں، حلقے کے عوام یرغمالیوں کی طرح زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، میڈیکل اسٹورز بغیر لائسنس آزادانہ طور پر کاروبار کر رہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں