جامعہ کراچی:ججوں، پراسیکیوٹرز کا ڈی این اے لیب کا دورہ
تفتیش اور عدالتی کارروائی کے دوران فارنزک کے استعمال پر تربیتی سیشن میں شرکت ،لیبارٹری سول عدالتی نظام کو اعلیٰ معیار کی رپورٹس فراہم کررہی،ڈاکٹر اقبال چودھری
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ جوڈیشل اکیڈمی کے تحت سندھ کے 10 ججوں سمیت 10 پراسیکیوٹرز اور 5 کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ کے انسپکٹرز نے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں صوبے کی پہلی جدید سندھ فارنزک ڈی این اے اور سیرولوجی لیبارٹری (ایس ایف ڈی ایل) کا بدھ کو تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ’’تفتیش اور عدالتی کارروائی کے دوران فارنزک کے استعمال‘‘ پر ایک تربیتی سیشن میں بھی شرکت کی۔ تربیتی سیشن سندھ جوڈیشل اکیڈمی کی درخواست پر منعقد ہوا۔ اس سیشن کے دوران ایک علامتی جائے واردات کا سین بھی قائم کیا گیا، جہاں شرکا کو حیاتیاتی شہادت کی جمع آوری، پیکیجنگ اور ٹرانسپورٹیشن کے عنوان سے تربیت دی گئی۔ ایس ایف ڈی ایل کے انچارج ڈاکٹر اشتیاق احمد اور آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چودھری نے کہا کہ ایس ایف ڈی ایل مکمل طور پر ڈی این اے اور سیرولوجی کیسز کو حل کرنے کی اسطاعت رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے قیام کے آغاز سے یہ لیبارٹری جرائم اور سول عدالتی نظام کو اعلیٰ معیار کی رپورٹس فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایف ڈی ایل مستقل بنیادوں پر پولیس، عدالت، میڈیکو لیگل اور قانونی اداروں کے افراد کو متعلقہ شعبے میں تربیت فراہم کر رہی ہے۔ اس سیشن سے ججوں کو فارنزک ڈی این اے کے مختلف زاویوں سے آگاہی ہو گی۔