دہشت گردوں کی گرفتاری پر 50 لاکھ انعام کی منظوری

دہشت گردوں کی گرفتاری پر 50 لاکھ انعام کی منظوری

سی ٹی ڈی نے آئی جی کے حکم پر اشتہار تیار کر لیا، جلد اخبارات میں شائع ہو گا،یوم آزادی پر بم حملے میں خواتین اوربچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) یوم آزادی پر کراچی میں دہشت گردی میں ملوث ملزمان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا، دہشت گردی کرنے والے ملزموں کی گرفتاری پر 50 لاکھ روپے انعام کی منظوری دیدی گئی،14 اگست کو ٹرک پر دستی بم حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوئے تھے، حکومت سندھ نے پولیس کی سفارش منظور کر لی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں یوم آزادی پر دہشت گردی کرنے والے ملزموں کی گرفتاری پر 50 لاکھ روپے انعام کی منظوری دے دی گئی۔ کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) سندھ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان، دہشت گردی میں ملوث ملزمان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ سی ٹی ڈی نے آئی جی سندھ کے حکم پر اشتہار تیار کرلیا، جلد تمام اخبارات میں شائع ہوگا، آئی جی نے گزشتہ روز اشتہار شائع کرانے کی بھی منظوری دیدی۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے ملزمان کی گرفتاری میں معاونت پر 50 لاکھ انعام کی منظوری دے دی ہے، گرفتاری میں معاونت کرنے والے شخص کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا ،اشتہار میں انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشوانی کا موبائل فون اور دفتر کا نمبر بھی دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ملزمان کا سراغ نہ ملنے پر عوام سے مدد لینے کے لئے واردات میں ملوث ملزمان پر انعام رکھنے کے لئے سی ٹی ڈی کی جانب سے گزشتہ ماہ سفار ش کی گئی تھی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں