جے ایس بینک کے اشتراک سے کتاب کی رونمائی

جے ایس بینک کے اشتراک سے کتاب کی رونمائی

سفارت کار، بزنس کمیونٹی اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی شرکت ،مقامی فنکاروں کے تخلیقی کام کو فروغ دینے کیلئے پر عزم، چیف آپریٹنگ آفیسر عمران شیخ

کراچی (پ ر) جے ایس بینک اور ہسپانوی قونصلیٹ نے مشترکہ طور پر پاکستانی فوٹو گرافر عمار زیدی کے تصویری سفرنامے اے واک تھرو اسپین کے عنوان سے کتاب کی رونمائی کی۔ تقریب میں سفارت کار، بزنس کمیونٹی اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شرکت کی۔ اسپین کے تاریخی پس منظر اور قدرتی حسن کو عمار زیدی نے اپنے کیمرے کی آنکھ سے ایک لازوال لمحے میں ڈھالتے ہوئے اس تصویری سفر نامے میں اسپین کی ہمہ جہتی ثقافت کے سحر انگیز لمحات کو نہایت خوبصورت انداز میں پیش کیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں تعینات اسپین کے سفیر کا کہنا تھا کہ یہ دیکھ کراچھا لگا کہ اسپین کی تاریخ کو نہایت خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔ تخلیق کار نے اسپین کے مختلف ورثوں کی پیچیدگیوں اور خوبصورتی کو نہایت شاندار انداز سے اجاگر کیا ہے، امید کرتے ہیں کہ بین الثقافتی ریسرچ اور تجربات کے اشتراک سے ایسے مواقع کو مزید فروغ ملے گا جس سے پاکستان اور اسپین کے عوام کے مابین تعلقات مزید مستحکم اور مضبوط ہوں گے۔ عمار زیدی کا کہنا تھا کہ فنون لطیفہ، ادب اور ثقافت کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات کے نتیجے میں جے ایس بینک سے رابطہ کیا۔ جے ایس بینک کے چیف آپریٹنگ آفیسر عمران حلیم شیخ نے اس طرح کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بطور ایک ادارے کے جے ایس بینک مقامی فنکاروں کی کاوشوں اور تخلیقی کام کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں