ایم کیوایم کے تحت جلوسوں کیلئے کیمپ،لنگر تقسیم

ایم کیوایم کے تحت جلوسوں کیلئے کیمپ،لنگر تقسیم

رہنماؤں ،اراکین رابطہ کمیٹی کا دورہ،جلوس کے شرکا کو ہار پہناکر استقبال ،اسلام کا آفاقی پیغام بلا امتیاز اور ر نگ و نسل سب کے لئے ہے، عامر خان

کراچی (این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان، ڈپٹی کنوینرکنور نوید جمیل، ڈپٹی کنوینر و سابق میئر کراچی وسیم اختر و اراکین رابطہ کمیٹی نے جشن میلاد النبی ؐپر کراچی اور سندھ بھر میں ایم کیوایم کی جانب سے جلوس کی گزر گاہوں پر لگائے گئے کیمپوں کا دورہ کیا اور جلوس کے شرکا کو ہار پہناکران کا استقبال کیا۔ جشن میلاد النبی ؐکے سلسلے میں مرکزی استقبالیہ کیمپ نمائش چورنگی پرجبکہ ساتھ ہی میڈیکل ایڈ کمیٹی کی جانب سے طبی امدادی کیمپ بھی لگایاگیا، جس میں میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان، ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل، ڈپٹی کنوینر سابق میئر کراچی وسیم اختر و اراکین رابطہ کمیٹی موجودتھے۔ اس موقع پر کراچی کے مرکزی جلوس کے شرکا میں ایم کیوایم کی جانب سے لنگر، مٹھائی اورشربت تقسیم کیا گیا۔ سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 12ربیع الا ول کے موقع پر جشن میلاد النبیؐ سارا عالم اسلام منا رہا ہے، اسلام کا آفاقی پیغام بلا امتیاز اور ر نگ و نسل سب کے لئے ہے ، آپ ؐ رحمت بنا کر بھیجے گئے، یہ اس عظیم ہستی کا جشن ولادت ہے جنہوں نے انسانیت کو آزادی اور نظم و ضبط کے ساتھ جینے کا درس دیا ۔ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے اراکین سندھ بھر کے شہروں میں 12ربیع الاول کے جلوسوں میں شریک ہوئے اور روایتی طور پر مذہبی و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں