مہنگائی کے خلاف پیپلز پارٹی ملیر کا احتجاجی مظاہرہ

مہنگائی کے خلاف پیپلز پارٹی ملیر کا احتجاجی مظاہرہ

پٹرول،بجلی کے بم گرانے والی حکومت کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ،ساجد جوکھیو،سلیم بلوچ اور دیگر رہنماؤں کاخطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے مہنگائی کے خلاف پیپلز پارٹی ملیر کے قائم مقام صدر عدیل اختر شیخ، جنرل سیکریٹری و صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر محمد ساجد جوکھیو، ایم پی اے سلیم بلوچ، ایم پی اے شاہینہ شیر علی، ایم پی اے راجہ رزاق بلوچ، پی پی ملیر کے انفارمیشن سیکریٹری میر عباس تالپور کی رہنمائی میں ملیر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں پی ایس 130 کے صدر امداد جوکھیو، نعمان عبداللہ مراد، نذیر بھٹو سمیت سیکڑوں کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر محمد ساجد جوکھیو اور دیگر نے کہاکہ عمران خان اور ان کی کابینہ کی چوری کے باعث ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے، پٹرول، گیس، بجلی کے بم عوام پر گرانے والی حکومت کے خاتمے تک احتجاج جاری رہے گا، مہنگائی، بیروزگاری کے سبب پریشان عوام کے حقوق کے لئے ہم جدوجہد کرنے پر مجبور ہوئے ہیں، نااہل حکومت نے مہنگائی کرکے عوام کو پریشان کردیا ہے، مہنگائی کے سبب عوام یہ سوچنے پر مجبور ہیں کہ آٹا لیں، چینی لیں یا اپنے بچوں کو تعلیم دلائیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم عوام کو مہنگائی کی دلدل سے نکالنے کے لئے سڑکوں پر آئے ہیں، ان شاء اللہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑینگے، عوام کی جان چور حکمرانوں سے چھڑا کر دم لیں گے، وفاقی سرکار نے ہزاروں لوگوں کو بیروگار کرکے مہنگائی کو آسمان تک پہنچا کر غریب لوگوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں