فپواسا سندھ چیپٹر کا آئندہ ہفتے سے احتجاج کا اعلان
منگل کو سکھر میں احتجاج کے بعد دائرہ بڑھا کر مختلف شہروں تک وسیع کر دیا جائے گا مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رہے گا،لیاقت تنیو کی زیرصدارت اجلاس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فپواسا سندھ چیپٹر نے جامعات کے بجٹ میں اضافہ نہ ہونے، بیل آؤٹ پیکیج اور ڈسپیرٹی رڈکشن الاؤنس فراہم نہ کئے جانے کے خلاف صوبہ بھر میں آئندہ ہفتے سے احتجاج کا اعلان کر دیا، جبکہ مطالبات کے حق میں کراچی میں دھرنا بھی دیا جائے گا۔ فپواسا سندھ چیپٹر کا آن لا ئن اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا، جس میں حکومت کی جانب سے جامعات کے مسائل نظر انداز کرنے کے خلاف احتجاجی تحریک پر بحث کی گئی۔ اجلاس کی صدارت فپواسا سندھ چیپٹر کے صدر لیاقت علی تنیو نے کی، جبکہ فپواسا پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر نیک محمد شیخ نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ بجٹ میں اضافے ، جامعات کے لئے بیل آؤٹ پیکیج اور ڈسپیرٹی رڈکشن الاؤنس کے حصول کے لئے فپواسا سندھ چیپٹر احتجاج کرے گی، پہلے مرحلے میں منگل کو سکھر پریس کلب پر احتجاج کیا جائے گا، اس کے بعد احتجاج کادائرہ بڑھا کر سندھ کے مختلف شہروں نوابشاہ، حیدرآباد اور کراچی تک و سیع کیا جائے گا اور تب تک احتجاج جاری رکھا جائے گا جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے، مطالبات کی منظوری تک کراچی میں دھرنا دیا جائے گا۔ اجلاس میں اس بات پر اظہار افسوس کیا گیا کہ مسلسل کالز اور خطوط کا حکام بشمول سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کی جانب سے کوئی خاطر خواہ جواب نہیں دیا گیا، جس کی وجہ سے معاملات احتجاج کی طرف جا رہے ہیں۔