پانی بحران پر کاشتکاروں کی محکمہ آبپاشی کیخلاف ریلی
فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے گنے کی منظورشدہ اقسام کاشت کریں،ماہرین
پنگریو(نمائندہ دنیا) شادی اسمال اوراکرم کینال کی دیگرشاخوں میں نہری پانی کابحران سنگین ہونے پر محکمہ آبپاشی نے اکرم کینال کی نہروں میں پانی کی طویل وارا بندی کاشیڈول جاری کردیاہے جس سے ربیع کی فصلوں کی بوائی بری طرح متاثرہورہی ہے جس کے خلاف کاشتکارسراپااحتجاج ہیں۔ اس سلسلے میں شادی اسمال واہ کے کاشتکاروں نے نہرکی ٹیل سے پنگریوشہرتک احتجاجی ریلی نکالی اورپریس کلب کے سامنے دھرنادے کرٹائرنذرآتش کیے ۔ اس موقع پرکاشتکاررہنمائوں میاں بشیراحمد،مرید غوث اور دیگر نے کہا کہ آبپاشی حکام کی نااہلی اورپانی کی غیرمنصفانہ تقسیم کے باعث گندم گنے ، سرسوں اوردیگرفصلوں کی بوائی نہیں ہوسکی جس سے ہزاروں کاشتکارمعاشی بدحالی کاشکارہوجائیں گے اورزراعت کوشدید نقصان پہنچے گا ،اکرم کینال کوکم پانی کی فراہمی کے ذمے دار ڈائریکٹرایریاواٹربورڈمیرغلام علی تالپور ہیں جواکرم کینال کاپانی گاجااوردیگرنہروں کوفراہم کررہے ہیں ۔انہوں نے پانی کی غیرمنصفانہ تقسیم فوری بند نہ ہونے پر سیڈاکے مرکزی دفترحیدرآبادکے سامنے تادم مرگ بھوک ہڑتال کا اعلان کیا۔ دریں اثنا سندھ کے معروف زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ سندھ میں گنے کی پیداوارمیں کمی کی ذمے دارشوگرملوں کی کاشتکاردشمن پالیسیوں کے ساتھ ساتھ گنے کی بہتراقسام بوائی نہ کیاجاناہے ۔ ماہرین نے کاشتکاروں سے کہاہے کہ وہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے منظورشدہ اقسام کاشت کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنگریوکی مقامی رائس مل میں منعقدہ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محکمہ زراعت بدین کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ارشاد احمد بلوچ نے کہاکہ شوگرملیں گنے کی غیرمنظورشدہ اقسام کی سپلاِئی پروزن سے کٹوتی کرتی ہیں اس لیے کاشتکاروں کوچاہیے کہ وہ محکمہ زراعت اورشوگرملوں کی سفارش کردہ گنے کی ورائٹی کاشت کریں ،شوگرمل مالکان اورکاشتکاروں کی غلطیوں کے باعث اب ضلع میں گنے کی پیداواربہت کم رہ گئی ہے ۔