ڈینگی خاتمے تک اسپرے مہم جاری رکھی جائے ،ایڈمنسٹریٹرحیدرآباد

ڈینگی خاتمے تک اسپرے مہم جاری رکھی جائے ،ایڈمنسٹریٹرحیدرآباد

میرپورخاص میں مختلف امراض پھیلنے لگے ،جھڈو میں مچھروں کی بہتات سے شہری پریشان

حیدرآباد،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا، بیورو رپورٹ) ملیریا و ڈینگی بخار کی روک تھام کے سلسلے میں بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے شعبہ اینٹی ملیریا کی جانب سے شہر میں جاری اسپرے مہم سے متعلق اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر حیدرآباد سید اکبر علی شاہ معصومی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جراثیم کش اسپرے مہم تا حال جاری ہے اور شہر ولطیف آباد میں روز انہ کی بنیاد پر یونین کونسل کی سطح پر شیڈول کے مطابق اسپرے کیا جارہا ہے ۔ایڈمنسٹریٹر نے شعبہ اینٹی ملیریا کی ڈینگی کے خاتمے کے خلاف مہم کواچھا اقدام قراردیا اورکہا کہ اسے ڈینگی کے مکمل خاتمے تک جاری رکھا جائے۔ میرپورخاص سے نمائندے کے مطابق پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی ناقص کارکردگی کے سبب میرپورخاص کے عوام میں مختلف امراض پھیلنے لگے ہیں۔چاندنی چوک سے اے جے کالج تک ڈالی گئی نئی پائپ لائن جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکارہے جس کی وجہ سے اس لائن میں گندا پانی شامل ہوجاتا ہے جسے پینے سے شہری مختلف امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔ایس ڈی او پبلک ہیلتھ صفدر شاہ کو تین روز کے تبادلے پر بحال کیے جانے پر بھی شہریوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ جھڈو سے نمائندے کے مطابق شہر بھر میں پھیلی گندگی سے مچھروں کی بہتات ہوگئی ہے ،شام ہوتے ہی مچھروں کی یلغار شروع ہوجاتی ہے اور عوام رات بھر مچھروں کا شکار بنتے رہتے ہیں۔ مچھروں کی بہتات سے شہر کے اسپتالوں میں ملیریا بخار میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جبکہ محکمہ صحت اور ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے مچھروں کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات نہ ہونے سے صورتحال انتہائی بدتر ہوتی جارہی ہے ۔ شہریوں کے مطابق ٹاؤن انتظامیہ نے کچھ روز قبل مچھر مار اسپرے تو کیا تھا لیکن اس کے کوئی موثر نتائج برآمد نہیں ہوئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں