فرائض میں غفلت، بدعنوانی برداشت نہیں، سیکریٹری اطلاعات

فرائض میں غفلت، بدعنوانی برداشت نہیں، سیکریٹری اطلاعات

افسران و ملازمین اپنے فرائض ایمانداری، لگن اور جانفشانی سے ادا کریں، عبدالرشید سولنگی محکمہ اطلاعات کے مختلف شعبہ جات کا اچانک دورہ، غیر حاضر عملے کو تنبیہ کرنے کی ہدایا ت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیکریٹری اطلاعات عبدالرشید سولنگی نے محکمہ اطلاعات کے افسران و ملازمین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری ، محنت، لگن اور جانفشانی سے ادا کریں تاکہ سندھ حکومت کی کارکردگی اور اقدامات سے عوام کو بروقت آگاہ کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ اطلاعات کے مختلف شعبہ جات کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر بنانے اور غیر حاضر افسران و ملازمین کو تنبیہ کرنے کی بھی ہدایات دیں۔سیکریٹری اطلاعات نے مزید کہا کہ افسران پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ عوامی فلاح و بہبودکے لئے حکومتی اقدامات کی تشہیر کریں تاکہ عوام ان سے بھرپور طریقے سے استفادہ کر سکیں، محکمہ اطلاعات انتہائی اہم محکمہ ہے کیونکہ وہ حکومت اور میڈیا کے مابین پل کا کردار ادا اور عوام کو حکومتی اقدامات کے بارے میں آگاہی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ دفاتر میں سرکاری ریکارڈ کو محفوظ طریقے سے رکھا جائے جبکہ تمام ضروری فائلوں کو تین دن کے اندر نمٹایا جائے ۔ڈیڈ اسٹاک رجسٹر و دیگر کوئی بھی ضروری دستاویزگم ہونے کی صورت میں متعلقہ ڈائریکٹر ذمہ دار ہوگا۔ انہوں نے اشتہارات کے اجرا کے سلسلے میں شفافیت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فرائض میں غفلت، ڈسپلن کی خلاف ورزی اور بدعنوانی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پریس انفارمیشن سلیم خان، ڈائریکٹر پبلی کیشن ذوالفقار علی شاہ بھی موجود تھے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں