نسلہ ٹاور گرا نے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے، حافظ نعیم

نسلہ ٹاور گرا نے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے، حافظ نعیم

متاثرین کو متبادل فراہم کیے بغیر کسی صورت ٹاور کو گرانے نہیں دیا جائے گا بنی گالہ کی طرح نسلہ ٹاور بھی ریگولرائز کیا جائے، متاثرین سے خطاب اور گفتگو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ متاثرین کو متبادل فراہم کیے بغیر کسی صورت نسلہ ٹاور کو گرانے نہیں دیا جائے گا، مکینوں نے زندگی بھر کی جمع پونجی لگا کر گھر بنائے ہیں، چیف جسٹس سے درخواست کرتے ہیں کہ نسلہ ٹاورگرا نے کے فیصلے پر نظر ثانی کریں اور جس قانون کے تحت بنی گالہ کو ریگولرائز کیا گیا ہے اسی قانون کے تحت نسلہ ٹاور کو بھی ریگولرائز کیا جائے، جماعت اسلامی آئندہ سماعت میں فریق کی حیثیت سے سپریم کورٹ میں حاضر ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو وفاقی و صوبائی حکومتوں کی بے حسی کے خلاف اور نسلہ ٹاور کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے جماعت اسلامی (پبلک ایڈ کمیٹی) کے تحت نسلہ نرسری اسٹاپ، شارع فیصل پر قائم کیمپ کے دورے کے موقع پر متاثرین سے خطاب و میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ، سیکریٹری پبلک ایڈ کمیٹی نجیب ایوبی نے بھی خطاب کیا، جبکہ سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، بلدیہ عظمیٰ کراچی میں جماعت اسلامی کے سابق پارلیمانی لیڈر جنید مکاتی، نائب صدر عمران شاہد و دیگر بھی موجود تھے۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ نسلہ ٹاور نالے پر موجود نہیں ہے، فیصلوں سے کراچی میں لوگوں کوگھروں سے بے گھر کیا جارہا ہے۔ متاثرین نسلہ ٹاور نے کہا کہ زندگی بھر کی جمع پونجی لگا کر چھت حاصل کی تھی، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم پاکستان کے شہری نہیں ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں