کچرا کنڈیاں گرین بیلٹ میں تبدیل کرینگے، ایڈمنسٹریٹر

کچرا کنڈیاں گرین بیلٹ میں تبدیل کرینگے، ایڈمنسٹریٹر

اختیارات اور وسائل وہی ہیں، صرف چہرے اور نیت تبدیل ہوئی، مرتضیٰ وہاب گورنر اسٹیٹ بینک 22 کروڑ عوام کا مذاق اڑا رہے ہیں، گلبرگ میں پارک کا افتتاح

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بلا تفریق رنگ ونسل خدمت کرنے پر یقین رکھتی ہے ، یہ شہر ہم سب کا ہے، اس کی خدمت ہمارا فرض ہے اور اپنے کام سے اس کو ثابت کریں گے، پارکس اور ترقیاتی کاموں پر توجہ مرکوز ہے ، خستہ حالی کا شکار ارفع فیملی پارک کو ازسرنو تزئین وآرائش کے بعد عوام کیلئے کھول دیا ہے، کراچی کے ہر ضلع میں کام ہو رہا ہے، سڑکوں کے مسائل بھی جلد حل کرنے جا رہے ہیں، شہر میں کچرا کنڈیوں کو گرین بیلٹ میں تبدیل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی صبح گلبرگ میں ارفع فیملی پارک کے افتتاح اور بعد ازاں ضلع وسطی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر کیا ۔ ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی طحہٰ سلیم، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ وسطی محمد علی زیدی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مزید کہا کہ جو لوگ اختیارات اوروسائل کی بات کرتے تھے دیکھ لیں کہ اختیارات بھی وہی ہیں وسائل بھی وہی ہیں صرف چہرے اور نیت تبدیل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہوتی ہے گورنر اسٹیٹ بینک کے بیان پر، پتا چلتا ہے یہ لوگ حقائق سے کتنے دور ہیں، چند ہزار خاندانوں کا موازنہ 22 کروڑ عوام سے کرکے ان کا مذاق اڑا رہے ہیں، یہ کس قسم کے لوگ ہیں، وفاقی حکومت کو گھر بھیجنے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عباسی شہید اسپتال کے حالات طویل عرصے سے خراب ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں