ڈیری فارمرز نے حکومتی رٹ کی دھجیاں اڑا دیں، دودھ 155 روپے لٹر کرنے کا اعلان

ڈیری فارمرز نے حکومتی رٹ کی دھجیاں اڑا دیں، دودھ 155 روپے لٹر کرنے کا اعلان

نئی قیمتوں کے تعین کیلئے ڈیری فارمرز کا اجلاس، دودھ کی ریٹیل قیمت 175 روپے کی سطح تک پہنچ سکتی ہے، مہنگائی کے نتیجے میں پیداواری لاگت میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے، شاکر گجر

کراچی (بزنس رپورٹر) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ڈیری فارمرز نے عوام پر ایک اور بم گرا دیا ہے ۔ کراچی میں ڈیری فارمرز نے دودھ کی خوردہ قیمت 155 روپے لٹر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دودھ کی نئی قیمتوں کے تعین کیلئے ڈیری فارمرز کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا، جس میں گل حسن سیٹھار اور دیگر نے شرکت کی۔ ڈیری فارمر ز نے دودھ کی خوردہ قیمت155 روپے لٹر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد دودھ کی ریٹیل قیمت 175روپے کی سطح تک پہنچ سکتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کمشنر کراچی نے دودھ کی قیمتو ں کے تعین کے حوالے سے پیر 25 اکتوبر کو اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس طلب کررکھا ہے، تاہم ڈیری فارمرز نے از خود دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کرکے حکومتی رٹ کو چیلنج کردیا ہے۔ ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عمر گجر نے دودھ کے نرخوں میں اضافے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فیصلہ کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ چار برس قبل دودھ کی فارمر پرائس 86 روپے لٹر مقرر کی گئی تھی اور اب چار برس بعد مہنگائی سے دودھ کی پیداواری لاگت اور فارمر قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے، دودھ کی فی لٹر قیمت 175 روپے بنتی ہے جو فارمرز کا جائز حق ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت سرکاری قیمت 94 روپے فی لٹر ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں