گگھر سبزی منڈی تعمیر کرنے کی تیاریاں مکمل

گگھر سبزی منڈی تعمیر کرنے کی تیاریاں مکمل

منڈی گلشن حدید کے سامنے سو ایکڑ زمین پر قائم کی جائے گی، سیکریٹری زراعت کا دورہ، ترقیاتی کاموں کے لیے فزیبلیٹی رپورٹ جلد مکمل کرنے پر اتفاق سجاول، ٹھٹھہ، بدین، حیدر آباد، ٹنڈو الہ یار، میر پور خاص اور دیگر اضلاع کے آبادگاروں کو فائدہ ہوگا، اہل کراچی کو سستے نرخ پر سبزی اور فروٹ مل سکے گا

کراچی (رپورٹ: آغا طارق) سندھ حکومت نے گلشن حدید کے سامنے سو ایکڑ زمین پر گھگھر سبزی منڈی کی تعمیرات شروع کرنے کے لئے تیاریاں مکمل کرلیں۔ سیکریٹری زراعت سندھ پرویز احمد سیہڑ، ڈائریکٹر جنرل مارکیٹنگ ایگری کلچر فضل احمد جونیجو، چیئرمین مارکیٹ کمیٹی کراچی حاجی علی احمد جوکھیو، سیکریٹری شریف عباسی نے گھگھر سبزی منڈی کی زمین کا دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کے لیے فزیبلیٹی رپورٹ جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا ۔ تفصیلات کے مطابق گلشن حدید کے سامنے دیہہ جوریجی کے سامنے سو ایکڑ زمین پر نئی سبزی منڈی تعمیر کرنے کے لئے سندھ حکومت کی ہدایت پر محکمہ زراعت سندھ نے کام شروع کر دیا ہے جہاں پر جلد از جلد نئی سبزی منڈی کی تعمیر شروع کی جائے گی۔ اس سلسلے میں سیکریٹری زراعت سندھ پرویز احمد سیہڑ اور ڈائریکٹر جنرل مارکیٹنگ محکمہ زراعت فضل احمد جونیجو نے سبزی منڈی کی زمین کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین مارکیٹ کمیٹی حاجی علی احمد جوکھیو نے سیکریٹری زراعت کو گھگھر سبزی منڈی سے متعلق بریفنگ دی۔ سیکریٹری زراعت نے بتایا کہ مارکیٹ کمیٹی کراچی نے کئی سال قبل گھگھر سبزی منڈی بنانے کے لئے سو ایکڑ زمین سندھ حکومت سے مختص کر ائی تھی۔ گھگھر سبزی منڈی تعمیر ہونے سے سجاول، ٹھٹھہ ،بدین ،حیدر آباد ،ٹنڈو الہ یار،میر پور خاص اور دیگر اضلاع کے آبادگاروں کو فائدہ ہوگا اور کراچی کے عوام کو سستے نرخوں پر سبزی اور فروٹ مل سکے گا ۔ سیکریٹری زراعت سندھ پرویز احمد سیہڑ نے کہا کہ سندھ حکومت جلد از جلد گھگھر سبزی منڈی کی تعمیر شروع کرے گی ۔ گھگھر سبزی منڈی کے لیے جلد فزیبلیٹی رپورٹ مکمل کی جائے گی تاکہ ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوسکے ۔ مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین حاجی علی احمد جوکھیو نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ،صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو کی ہدایت پر گھگھر سبزی منڈی کا کام جلد شروع کیا جائے گا تاکہ آبادگاروں کو فائدہ حاصل ہوسکے۔ دورے کے دوران محکمہ زراعت، مارکیٹ کمیٹی کراچی کے افسران، سابق ممبر ضلع کونسل کراچی آغا طارق پٹھان، سید رحیم شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں