چھاتی کا کینسر خطرناک حد تک بڑھتا جا رہا، روفینہ سومرو

چھاتی کا کینسر خطرناک حد تک بڑھتا جا رہا، روفینہ سومرو

سندھ کے ہرضلعی اسپتال میں علاج کی سہولتیں دی جائیں،حکومت ہنگامی اقدامات کرے،بریسٹ کینسر سے آگاہی کے موضوع پر سیمینار سے ڈاکٹر شائستہ، عمر آفتاب و دیگر کا خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے ہرضلعی اسپتال میں چھاتی کے کینسر کے حوالے سے علاج کی تمام سہولتیں مہیا کی جائیں، کیونکہ یہ مرض خواتین میں عام ہوتا جا رہا ہے اور بہت کم اسپتالوں میں اس کی تشخیص اور علاج کی سہولتیں موجود ہیں۔ اس بات کا مطالبہ مقررین نے گزشتہ روز چھاتی کے سرطان پر آگاہی کے موضوع پر سیمینار سے خطاب میں کیا۔ سیمینار کا انعقاد نیشنل فورم فار انوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ نے آرٹس کونسل کے تعاون سے کیاتھا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی رابعہ نظامی مہمان خصوصی تھیں، جبکہ مقررین میں لیاقت نیشنل اسپتال کی سرجن ڈاکٹر روفینہ سومرو، آغاخان اسپتال کی ڈاکٹر شائستہ خان، پنک ربن کے سی ای او عمر آفتاب، احمد شاہ، محمد نعیم قریشی، رقیہ نعیم، ندیم اشرف، یوگی وجاہت، انیس یونس، ڈاکٹر حنا طارق، سینئر صحافی عافیہ سلام و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر مقررین کا کہناتھا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں صرف 2 سرکاری اسپتال ہیں جو چھاتی کے سرطان کا علاج کرتے ہیں، ملک میں چھاتی کا سرطان خطے میں سب سے زیادہ ہے ، اس لئے حکومت کو چاہئے کہ اس سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر کام کرے۔ ڈاکٹر روفینہ سومرو نے کہا کہ ملک میں 30سے 40سال عمر کی خواتین میں چھاتی کا سرطان ہورہا ہے جو خطرناک حد تک بڑھتا جا رہا ہے، خواتین اپنا چیک اپ کرا کر اس بیماری کی جلد تشخیص کو ممکن بنا سکتی ہیں۔ ڈاکٹر آفتاب عمر نے کہا کہ گزشتہ 10 برس میں اس بیماری میں اضافہ دیکھا گیا ہے ، اسے کم کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں