تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کی ڈیفنس میں بڑھتے جرائم پرتشویش

تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کی ڈیفنس میں بڑھتے جرائم پرتشویش

حکومت،پولیس حکام سے فحاشی، راہزنی، چوری، ڈکیتی کی وارداتوں پر قابو پانے کا مطالبہ ،ایس پی کلفٹن اور دیگر کا ریزیڈنٹ کمیٹی کے ساتھ اجلاس، مسائل کے حل کی یقین دہانی

کراچی (بزنس رپورٹر) آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن نے ڈیفنس سوسائٹی میں جرائم کی بڑھتی شکایات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے سندھ حکومت،آئی جی پولیس سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے راہزنی، خواجہ سراؤں کی بڑھتی فحاشی، چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں پر قابو پانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن نے گزشتہ دنوں ڈی آئی جی ساؤتھ کے ساتھ اجلاس میں دیگر مسائل کے ساتھ مذکورہ مسائل اٹھائے اور تحریری شکایت بھی کی۔ ڈی آئی جی جاوید اکبر نے شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو کارروائی کرنے اور علاقے کے لوگوں کی جائز شکایات کے ازالے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ڈی آئی جی کی ہدایت پر ایس پی کلفٹن،ایس ایچ او درخشاں، ایس ایچ او بوٹ بیسن اور دیگر افسران کے ساتھ ریزیڈنٹ کمیٹی کے ساتھ میٹنگ کے لئے بدر کمرشل کے ایریا آئے۔ جنرل سیکریٹری آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن نے ریزیڈنٹ کمیٹی کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے تمام مسائل پر بات کی اور تحریری شکایات بھی ایس پی کو پیش کیں۔ متعلقہ ایس پی نے تمام شکایات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ایس ایچ او درخشاں کو پابند کیاکہ پولیس پٹرولنگ کا نظام موثر بنایا جائے اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف موثر کارروائی کی جائے ، جبکہ انہوں نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں