موسم سرما کا آغاز ،سائبیرین پرندوں کی آمد کا سلسلہ شروع

موسم سرما کا آغاز ،سائبیرین پرندوں کی آمد کا سلسلہ شروع

پرندوں کے بے دریغ شکار کے باعث ان کی تعداد میں مسلسل کمی ہو رہی ہے،ڈگھوش کا گوشت 1500، نیرگی 800 ، چیخلہ 400 روپے میں فروخت ہوتا ہے

کراچی (رپورٹ: آصف سہتو) موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی سندھ کی ساحلی پٹی سمیت صوبے کی مختلف جھیلوں میں سائبیرین پرندوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ، تا ہم غیر قانونی شکار کے باعث ان پرندوں کی آمد میں بتدریج کمی آرہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سردی کی لہر شروع ہوتے ہی ضلع بدین، سجاول ،کینجھر اور ٹھٹھہ سمیت ساحلی پٹی میں سائبیرین پرندوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔بدقسمتی سے ان مہمان پرندوں کے بے دریغ شکار کے باعث ان کی تعداد میں مسلسل کمی ہو رہی ہے ۔ رات کو شکاری جھیلوں کے کناروں پر پہلے سے جال لگاکر لاؤڈ اسپیکرز پر مرغابیوں کی آوازوں کی ریکارڈنگ چلاتے ہیں جس سے دھوکہ کھاکر اوپر سے گزرنے والی مرغابیوں کی ٹولیاں نیچے اتر آتی ہیں اور جال میں پھنس جاتی ہیں اور پھر انہیں یہ لوگ فروخت کر دیتے ہیں۔ پرندوں میں چیکھلو، نیرگی، ڈگھوش، آڑی، مرغابی، کونج، گریبس، گیز، ڈارٹرز، بگلا، ایریٹس، اسٹورکس، آئبائیس، اسپونبلز اور دیگر شامل ہیں۔ سجاول میں نایاب پرندے ڈگھوش کا گوشت 1500روپے، نیرگی 800 روپے ، چیخلہ 400 روپے، کھیڑانٹی300 روپے اور آڑی کا گوشت 300 روپے فی کلو فروخت کیا جاتا ہے۔ عالمی ادارے ڈبلیو ڈبلیو ایف کے ایک ماہر کے مطابق حالیہ برسوں میں ان پرندوں کی تعداد میں 70 فیصد کمی آئی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں