دائودیونیورسٹی،میٹرک نتائج کی بنیادپرداخلے دیئے جائینگے

دائودیونیورسٹی،میٹرک نتائج کی بنیادپرداخلے دیئے جائینگے

میرٹ لسٹ کا اجرا30فیصدمیٹرک اور70فیصدانٹری ٹیسٹ کے نمبرزپرہوگا،غلام اللہ،انجینئرنگ اور آرکیٹکچر میں 60 اور بی ایس پروگرام کیلئے 50 فیصد نمبرز حاصل کرنا لازمی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے اس سال انٹر میڈیٹ کے متعدد بورڈز کے نتائج میں تاخیر کی وجہ سے اکیڈمک سیشن کے آغاز میں مزید کسی تاخیر سے بچنے کیلئے میٹرک نتائج کی بنیاد پر داخلے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جامعہ داؤد انجینئرنگ کے ڈائریکٹر ایڈمیشن پروفیسر ڈاکٹر غلام اللہ میتلو کے مطابق وہ تمام طلبا جو انٹری ٹیسٹ 20 فیصد یا اس سے زائد نمبر لے کر پاس ہوچکے ہوں داخلے کے اہل ہوں گے ۔ میرٹ لسٹ کا اجرا 30 فیصد میٹرک اور 70 فیصد انٹری ٹیسٹ کے نمبرز کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ طلبا کا داخلہ عارضی بنیادوں پر ہوگا جس کیلئے انجینئرنگ اور آرکیٹکچر میں کم سے کم 60 فیصد اور بی ایس پروگرام کے لیے کم از کم 50 فیصد نمبرز حاصل کرنا لازمی ہے ۔ علاوہ ازیں داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں تعلیمی سال برائے 2021-22ء میں داخلے کے خواہشمند امیدواروں کیلئے دوبارہ پری ایڈمیشن ٹیسٹ اتوار 14 اکتوبر کو جامعہ این ای ڈی میں منعقد کیا گیا، 1954 امیدواروں میں سے 775 نئے طلبا تھے جبکہ 1179طلبا کا تعلق پہلے ٹیسٹ میں فیل یا بہتر مارکس کیلئے حصہ لینے والوں میں سے تھا۔ کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ میں عالمی وبا کی وجہ سے حفاظتی انتظامات کا خاص خیال رکھا گیا۔ واضح رہے کہ داؤد یونیورسٹی انجینئرنگ کے شعبوں آرکیٹیک، بی ایس کمپیوٹر سائنس ، سائبر سیکیورٹی ، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور ریاضی میں مختص 735 نشستوں پر داخلے دے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں