چہروں کی نہیں نظام کوبدلنے کی ضرورت ،حافظ نعیم

چہروں کی نہیں نظام کوبدلنے کی ضرورت ،حافظ نعیم

انگریزوں کی غلامی قبول کرنیوالے جاگیردار اور وڈیرے اسلام کی بات نہیں کرسکتے،ظلم کی ہر شکل کیخلاف آواز بلند کرناسیرت رسولؐ ہے ،سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ معاشرے میں دین کو سیاسی طور پر قائم کرنا ہم سب پر فرض ہے ، انگریزوں کی غلامی کو قبول کرنے والے جاگیردار اور وڈیرے اسلام کی بات نہیں کرسکتے ، وہ جانتے ہیں کہ اسلام کا نام لیں گے تو ہمیں پارلیمنٹ میں جگہ نہیں ملے گی، 75برس سے وڈیرہ شاہی ذہنیت کے حامل لوگوں نے ملک کو قرضوں میں ڈبودیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کیماڑی کے تحت فرنٹیئر کالونی میں ’’سیرت النبیؐ کانفرنس‘‘سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیرجماعت اسلامی ضلع کیماڑی مولانا فضل احد حنیف، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر نورالحق، سابق یوسی وائس چیئرمین وصدر پبلک ایڈ کمیٹی یوسی 15بنارس عبد الجلیل شمسی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ پارٹیاں بدل بدل کر یہی لوگ حکمرانی کرتے ہیں اور عوام کا استحصال کرتے ہیں،چہروں کی نہیں نظام کوبدلنے کی ضرورت ہے ،پارلیمنٹ میں بیٹھے ہوئے سیاستدان عوام کے مسائل نہیں جانتے یہی وجہ ہے کہ آج ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے ،ظلم کی ہر شکل کے خلاف آواز بلند کرناسیرت رسولؐ ہے ،مظلوموں کی مدد کرنا،ظالموں کے خلاف کھڑے ہونا،معاشرے میں نیکی کی قوتوں کو مضبوط کرنا یہی حیات رسول ؐ کا پیغام ہے ،آج پھر سے عزم کرتے ہیں کہ سیاست عبادت سمجھ کر کریں گے ،ظالموں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں