ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے بچوں کا رویہ غیرمساوی ،ڈاکٹر زبیر

ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے بچوں کا رویہ غیرمساوی ،ڈاکٹر زبیر

بچوں کی فلاح کیلئے کام کرنے والی این جی اوز قابل تحسین ہیں،صدرمحمدعلی جناح یونیورسٹی،کچھ ڈراموں سے بچے نفسیاتی مسائل کاشکار ،پروفیسر روبینہ،ڈاکٹر مریم حنیف کا اظہارخیال

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محمد علی جناح یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر زبیراحمد شیخ نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کی وجہ سے نوجوان تیزی سے غیرمساوی رویے اختیار کررہے ہیں، ایسے رویوں کوختم کرنا آسان نہیں۔ وہ ذہنی صحت کے عالمی دن کی مناسبت سے محمد علی جناح یونیورسٹی کے شعبہ سائیکالوجی کے زیراہتمام ہونے والے سیمینارسے خطاب کررہے تھے ۔ سیمینار سے مہمان خصوصی کلینیکل سائیکا لوجسٹ پروفیسر روبینہ فیروز، محمد علی جناح یونیورسٹی کے شعبہ نفسیات کی سربراہ ڈاکٹر مریم حنیف غازی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پردماغی امراض کا شکار افراد کی فلاح کے لئے کام کرنے والی کئی این جی اوز کے ارکان بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر زبیر شیخ نے مزید کہا کہ ملک میں بچوں کی فلاح کے لئے کام کرنے والی این جی اوز قابل تحسین ہیں ۔مہمان خصوصی پروفیسر روبینہ فیروز نے کہا کہ موجودہ ڈراموں کی وجہ سے نوجوان کئی نفسیاتی مسائل کاشکارہورہے ہیں، ڈراموں میں غیر مساویانہ رویوں سے بچے ذہنی دباؤ کا شکار ہوجاتے ہیں جسے کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے ۔ ڈاکٹر مریم حنیف غازی نے کہا کہ ذہنی یا جسمانی معذوری کا شکار افراد کی نفسیاتی تربیت بھی نہیں کی جاتی ۔ سیمینار میں کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر ، کے ڈی ایس پی ،پاکستان یوتھ فاؤنڈیشن ، کراچی ڈاؤن سینڈروم، کارروان حیات، کاظم ٹرسٹ اور دیگراہم اداروں کے ذمہ داران شریک تھے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں