آتشزدگی کے دو واقعات، بھاری مالیت کا کپڑا اور سامان خاکستر

آتشزدگی کے دو واقعات، بھاری مالیت کا کپڑا اور سامان خاکستر

نیو کراچی صنعتی علاقے کی گارمنٹ فیکٹری میں لگی آگ پر 10 فائر ٹینڈرز نے قابو پالیا، ڈپٹی کمشنر، نکاٹی عہدیدار موقع پر پہنچ گئے،گلشن اقبال میں ٹیکنیکل سینٹر کی چھت پر آگ جنریٹر سے لگی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، واقعات کی فوری وجوہات معلوم نہ ہو سکیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیوکراچی انڈسٹریل ایریا میں گارمنٹ فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں بھاری مالیت کا کپڑا خاکستر ہو گیا، ڈپٹی کمشنر سینٹرل اور نکاٹی کے عہدیدار موقع پر پہنچ گئے، جبکہ گلشن اقبال میں قائم پریکٹیکل سینٹر کی چھت پر آگ لگنے سے جنریٹر اور لکڑیاں جل گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیان شب نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے صبا سنیما کے قریب گارمنٹ فیکٹری میں آگ لگنے کی اطلاع پر ابتدائی طور پر فائربریگیڈ کی 5 گاڑیاں روانہ کر دی گئیں۔ فائرفائٹرز نے آگ بجھانے کا کام شروع کر دیا، لیکن آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید 3 فائر ٹینڈرز طلب کر لیے۔ اس موقع پر کے کے ایم سے فائربریگیڈ کی مدد کے لیے نکاٹی کے بھی دو فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کے کام میں حصہ لیا ۔ آگ لگنے کی اطلاع پر موقع پر آنے والے نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا ایسوسی ایشن کے صدر فیصل معیز نے بتایا کہ آگ دوپہر دو بجے لگی تھی اور 6 منٹ میں فائربریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں، سوا 3 بجے ہم نے آگ پر قابو پالیا تھا۔ دریں اثنا اتوار کی شام گلشن اقبال کے علاقے بلاک تیرا ڈی میں قائم ٹیکنیکل سینٹر کی چھت پر اچانک آگ بھڑک اٹھی ۔ سینٹر کی انتظامیہ نے پہلے خود آگ بجھانے کی کوشش کی، جب نہیں بجھی تو فائر بریگیڈ کو طلب کرلیا۔ فائر بریگیڈ کی دو گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر نصف گھنٹے کی جدوجہد کے بعدآگ پر قابو پالیا ۔ فائربریگیڈ ترجمان کا کہنا تھا کہ آگ جنریٹر میں لگی تھی ، جس نے قریب پڑی لکڑیوں کو لپیٹ میں لے لیا، تاہم آتشزدگی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، صرف جنریٹر اور لکڑیاں جلی ہیں۔ پولیس کے مطابق جس وقت آگ لگی ٹیکنیکل سینٹر میں کچھ طالبعلم موجود تھے، جن کی خصوصی کلاسیں جاری تھیں۔ دونوں مقامات پر آگ لگنے کی فوری وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں