مہنگائی کی شکایات پر ڈی سی گھوٹکی اسسٹنٹ کمشنرز پر برہم

مہنگائی کی شکایات پر ڈی سی گھوٹکی اسسٹنٹ کمشنرز پر برہم

کنڈیارو ،پڈعیدن سمیت مختلف شہروں میں مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف مظاہرے

میرپور ماتھیلو ،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا)ڈپٹی کمشنر گھوٹکی محمد عثمان عبداﷲ کی زیر صدارت ان کے دفتر میں پرائس کنٹرول کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا جس میں گھوٹکی، میرپور ماتھیلو، خانگڑہ، ڈھرکی اور اوباوڑو کے اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر سے منصوعی مہنگائی کی شکایات موصول ہو رہی ہیں اس لئے تمام اسسٹنٹ کمشنرز روزانہ کی بنیادوں پر بازاروں کا دورہ کرکے اشیائے خورونوش کے نرخ ناموں کا جائزہ لیں اور منصوعی مہنگائی کرنے والے منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کریں ۔انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف دفاتر میں بیٹھ کر وقت مت گزاریں، فیلڈ میں نکلیں اور مہنگائی کے شکار عوام کو ریلیف فراہم کریں ۔تمام دکانداروں کو پابندکیا جائے کہ وہ مقرر کردہ قیمتوں پر آٹے سمیت تمام اشیاء فروخت کریں جبکہ پٹرول پمپس پر بھی چھاپے مارکر زیادہ نرخ وصول کرنے والوں پر جرمانے عائد کریں۔ کنڈیارو سے نمائندے کے مطابق ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف کنڈیارو میں پی ڈی ایم کی جانب سے احتجاجی ریلی مولانا عبد الرحمن ڈنگراج،مولانا عبدالعلیم گھانگھرو اور مولانا محمد رمضان خاصخیلی کی قیادت میں نکالی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ عوام شدید پریشان ہیں لیکن وزیراعظم ، ان کے وزراء اور مشیر ملک کو بہتری کی طرف لے جانے کے جھوٹے بیان دے رہے ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم استعفی دیں اور ملک میں نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے۔ پڈعیدن سے نمائندے کی مطابق بڑھتی ہوئی منگائی ،بیروزگاری،بدامنی کے خلاف نوشہرہ فیروز میں پی ڈی ایم جماعتوں نے حکومتی غلط پالیسیوں کے خلاف تھاروشاہ چوک سے اللہ والا چوک تک احتجاجی ریلی نکالی ،شرکائے ریلی حکومت کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے ، ریلی میں پڈعیدن، تھارو شاہ، محراب پور، کنڈ یارو، لاکھا روڈ،بھریاروڈ، بھریاسٹی،مورو،ہالانی، مٹھیانی سمیت ضلع بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں