اسفالٹ پلانٹ یارڈاور کالا بورڈ یارڈچائنیز کمپنی کے حوالے
چائنیزکمپنی آئندہ ماہ سے کورنگی زون میں گھر گھرسے کچرااٹھانے کے کام کا آغاز کریگی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیراحمد چنہ کی زیر صدارت اجلاس میں چائنیز کمپنی گینسو کنسٹرکشن کمپنی کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن طارق نظامانی، ایڈمنسٹریٹر کورنگی ساجدہ قاضی، ڈائریکٹر آپریشن فرید مگسی کے علاوہ دیگر افسران موجود تھے۔ اجلاس میں ڈی ایم سی کورنگی نے بتایا کہ اسفالٹ پلانٹ یارڈاور کالا بورڈ یارڈچائنیز کمپنی کے حوالے کردیا تاکہ چائنیز کمپنی اپنی مشینری، گاڑیاں اور دفاتر کے لئے تعمیراتی کام کا آغاز کردیں۔ضلع کورنگی میں صفائی ستھرائی کا آغاز کرنے کے سلسلے میں لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چائنیز کمپنی نومبرکے آخرمیں کورنگی زون سے گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے کام کا آغازکردے گی جبکہ بالترتیب دیگر زونز میں کام کا آغاز کیا جائے گا۔ کورنگی زون کے لئے چائنیز کمپنی 400 سے زائد عملہ تعینات کرے گی اور 80 منی ٹیپراور 25 بڑی گاڑیاں استعمال میں لائی جائیں گی جبکہ ڈی ایم سی کورنگی کے سینیٹری ورکرز کی سلیکشن بھی مرحلہ وار جاری ہے جس میں فیلڈ آپریشن کے لئے صرف میڈیکلی فٹ اسٹاف رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چائنیز کمپنی کو کمانڈ اینڈ کنٹرول بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیزائن کرنا ہے ۔ اس سلسلے میں جی آئی ایس میپنگ اور جیوفینسنگ کے لئے ورکنگ کریں تمام گاڑیوں میں آرآئی ایف ڈی چپ، جی ٹی ایس کی پلاننگ اور دیگر سہولیات کی تنصیبات شامل ہیں۔