دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کے ڈیولپر کی منظوری

دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کے ڈیولپر کی منظوری

ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ،صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا،قاسم نویدقمر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری سید قاسم نوید قمر نے منگل کو سندھ اسپیشل اکنامک زون مینجمنٹ کمپنی کے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پالیسی بورڈ کے 34 ویں اجلاس میں دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کے ڈیولپر کی منظوری دے دی گئی ہے ، اب اس زون میں عنقریب کام کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون سی پیک کے صنعتی تعاون کے منصوبوں میں سر فہرست ہے ۔سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے جس سے پورے ملک میں صنعتی اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور توقع ہے کہ اس زون میں ایک لاکھ سے زائد براہ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں صنعتی نمووترقی اور براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کے مواقعوں کو فروغ دینا چاہتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیولپر کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ زون میں آنے والی تمام انٹرپرائز کو یوٹیلٹیز ، انفرااسٹرکچر ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ زون کے آپریشن اور مینٹی ننس کے کاموں کو بھی انجام دے ۔ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کو پورٹ قاسم، نیشنل ہائی وے اور ریلوے لائن سے منسلک کئے جانے اور کراچی جیسی مین مارکیٹ سے قریب ہونے کے سبب ملک کا سب سے کامیاب اور مصروف اقتصادی زون ہوگا، سندھ اور وفاقی حکومت اکنامک زون کے بیرونی انفرااسٹرکچر پر 12ارب روپے خرچ کرے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں