ضلع غربی میں بھی فروٹ وسبزی منڈی بنانے کافیصلہ

ضلع غربی میں بھی فروٹ وسبزی منڈی بنانے کافیصلہ

بلوچستان اور اطراف کے کسانوں کو بھی اجناس پہنچانے میں سہولت ملے گی

کراچی (رپورٹ : آغا طارق)سندھ حکومت نے ملیر کے بعد ضلع ویسٹ میں ناردرن بائی پاس پر سو ایکڑ زمین پر فروٹ اور سبزی منڈی بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے جلد ترقیاتی کام شروع کرنے کے لئے تیاریاں مکمل کرلیں ۔ اس سلسلے میں سیکریٹری زراعت سندھ پرویز احمد سیہڑ نے ڈی جی مارکیٹنگ فضل احمد جونیجو، چئیرمین مارکیٹ کمیٹی کراچی حاجی علی احمد جوکھیو اور سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی کراچی شریف عباسی اور دیگر افسران کے ہمراہ ناردرن بائی پاس پر سبزی و فروٹ منڈی کیلئے مختص 100 ایکڑ زمین پر ترقیاتی کام شروع کرنے کے لیے دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین مارکیٹ کمیٹی کراچی حاجی علی احمد جوکھیو نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر شہر میں مزید سبزی و فروٹ منڈیوں کی ضرورت ہے ۔اس زمین پر قابض افراد کے خلاف کارروائی کی قبضے ختم کرانے اور اپنے ملازمین کو تعینات کر کے چوکیداری سسٹم کو فعال کیا ۔ چیئرمین مارکیٹ کمیٹی کراچی نے مزید بتایا کہ مذکورہ منڈی کی تعمیر مکمل ہونے سے کراچی شہر کے عوام کے ساتھ ساتھ بلوچستان اور اطراف کے کسانوں کو بھی اپنی اجناس پہنچانے میں مدد ملے گی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں