اینٹی کرپشن ٹیم کی ابراہیم حیدری اور ملیر میں کارروائی

اینٹی کرپشن ٹیم کی ابراہیم حیدری اور ملیر میں کارروائی

گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول اور ڈی او آفس کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا،لاکھوں مالیت کی کتابیں بھی برآمد کرلی گئیں، افسران اور ملازمین سے پوچھ گچھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اینٹی کرپشن ضلع ملیر کی ٹیم نے ابراہیم حیدری میں قائم گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس ملیر میں کارروائی کر کے ریکارڈ اپنے قبضے میں لے لیا۔ کارروائی اسسٹنٹ ڈائریکٹر و سرکل آفیسرسلیم اللہ میمن کی سربراہی میں کی گئی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر و سرکل آفیسرسلیم اللہ میمن کی سربراہی میں ٹیم نے ڈی ای او آفس اور اسکول کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا اور افسران و ملازمین سے پوچھ گچھ کی۔ کارروائی مبینہ طور پر فنڈز میں خورد برد، فرائض کی ادائیگی میں لاپروائی، جعلسازی اور دیگر شکایات پر کی گئی۔ اینٹی کرپشن حکام نے چھاپے کے دوران اسکول سے لاکھوں روپے مالیت کی کتابیں بھی برآمد کرلیں، جو طلبا کو دینے کے بجائے اسٹور میں رکھ دی گئی تھیں۔ اسکول کے ریکارڈ میں موجود کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ بھی غائب ہیں۔ اسکول کے ایچ ایس ٹی اور کو آرڈی نیٹر میر احمد پر جعلسازی سے غیر قانونی پروموشن لینے اور اضافی چارج رکھنے کے بھی الزامات ہیں۔ ٹیم نے ڈی ای او آفس سے گزشتہ تین سال کا ریکارڈ تحویل میں لیا ہے۔ ڈی ای او آفس کی ناکارہ کھڑی گاڑیوں کی مد میں بھی پٹرول اور مرمت کے نام پر پیسے وصول کئے گئے ، ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد ملوث ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں