اسٹریٹ کرمنلز کی کارروائیاں آزادانہ طریقے سے جاری
ڈیفنس میں لگژری گاڑی میں سوار ملزمان نے کافی شاپ پر آئی خواتین کو لوٹ لیا ،بہادر آباد میں سڑک کنارے 6دوستوں سے دن دیہاڑے موبائل فون چھن گئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں اسٹریٹ کرمنلز کی کارروائیاں بے فکری اور آزادانہ طریقے سے جاری ہیں۔ ڈیفنس میں لگژری گاڑی میں سوار اسٹریٹ کرمنلز نے کافی شاپ پر آئی خواتین کو لوٹ لیا ، بہادر آباد میں دن دیہاڑے 6 نوجوان دوستوں کو سڑک پر یرغمال بناکر لوٹ لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس بخاری کمرشل پر واقع کافی شاپ کے باہر لگژری گاڑی میں سوار اسٹریٹ کرمنلز نے اطراف کا چکر لگا کر جائزہ لیا اور اسلحہ دکھا کر ڈائن آؤٹ پر بیٹھی خواتین سے پرس، موبائل فونز اور دیگر قیمتی دستاویزات چھین لیں۔ ملزمان واردات کے بعد قریب کھڑی کار میں بیٹھ کر فرار ہوگئے۔ سیکیورٹی گارڈ کو قریب آتا دیکھ کر ملزموں نے فائرنگ بھی کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں کافی شاپ کے گارڈ کوپلٹ کر دوڑ لگاتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ بہادر آباد میں دن دیہاڑے 6 نوجوان دوستوں کو اسلحہ کے زورپرلوٹ لیا گیا، 6 نوجوان دوست سڑک کنارے کھڑے ہوکر آپس میں بات چیت کر رہے تھے کہ اسی دوران 2 ملزمان موٹر سائیکل پیدل ان کے پاس پہنچے اور اسلحہ کے زور پر لوٹ مار شروع کردی۔ اسلحہ دیکھ کر کسی بھی نوجوان نے مزاحمت کرنے کی کوشش نہیں کی۔ ایک ملزم نے ایک ایک کرکے تمام لڑکوں سے موبائل فونز جمع کئے۔ دونوں ملزمان نے منٹوں میں واردات کی اور فرار ہوگئے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز جامعہ ملیہ ملیر بیکری کے قریب پک اینڈ ڈراپ وین میں سوار خواتین کو بھی لوٹ لیا گیا۔