سول اسپتال: ڈاکٹرز کا پسندیدہ میڈیکل اسٹورز سے گٹھ جوڑ
مریضوں کو فارمیسی سے دوائیں دینے کے بجائے باہر کی غیر ضروری مہنگی دوا تجویز کرنے لگے،انتظامیہ غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانے میں ناکام،بدعنوان ڈاکٹرز کو تبدیل کر دیا، عہدیدار
کراچی (رپورٹ: کفیل الدین فیضان) ڈاکٹر روتھ فاؤ سول اسپتال کراچی کے شعبہ حادثات اور ایمرجنسی کے ڈاکٹرز مریضوں کے تیمارداروں کو مہنگی دوائیں تجویز کر رہے ہیں تاکہ ذاتی مفادات کے لیے اپنے پسندیدہ میڈیکل اسٹورز کی فروخت میں اضافہ کیا جا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شعبہ ایمرجنسی کے کچھ ڈاکٹروں نے دوا ساز کمپنیوں کے گٹھ جوڑ سے اسپتالوں میں شام اور رات کے اوقات میں اس قسم کی پرائیویٹ پریکٹس شروع کر رکھی ہے، جہاں وہ غیر ضروری اور مہنگی دوائیں تجویز کرتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ عوام کی جانب سے متعدد شکایات کے باوجود اسپتال انتظامیہ ان غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانے میں ناکام ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ علاج معالجے کی غرض سے اسپتال لائے جانے والے مریضوں کے لیے دوائیں دستیاب ہیں لیکن بدقسمتی سے ڈاکٹرز اسپتال کی فارمیسی سے دوائیں فراہم کرنے کے بجائے اسپتال کے باہر واقع اپنے پسندیدہ میڈیکل اسٹور سے مہنگی دوائیں تجویز کر رہے ہیں جبکہ مذکورہ دوائیں ا سپتال کی فارمیسی میں مریضوں میں مفت تقسیم کی جاتی ہیں۔ محکمہ ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی میں تعینات ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بدعنوانی میں ملوث ڈاکٹروں کو ان کے عہدوں سے تبدیل کر دیا گیا ہے اور دیگر کی نگرانی جاری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر کے خلاف کوئی کوتاہی پائی گئی تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔