وزیراعلیٰ ہاؤس میں جگہ دیں یا چیف سیکریٹری کے گھر پر، ناپا سے جگہ خالی کرائیں، سپریم کورٹ

وزیراعلیٰ ہاؤس میں جگہ دیں یا چیف سیکریٹری کے گھر پر، ناپا سے جگہ خالی کرائیں، سپریم کورٹ

حکم دئیے ہوئے 3 سال ہوچکے ،آپ لوگ معاملہ ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں، متبادل جگہ نہ دینے پر عدالت کااظہار برہمی، سیکریٹری ثقافت سے 2 یوم میں رپورٹ طلب کرلی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے ہندو جیم خانہ کی بحالی سے متعلق درخواست پر سیکریٹری ثقافت سے ناپا کو متبادل جگہ دینے کے حوالے سے 2 یوم میں رپورٹ طلب کرلی۔ بدھ کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد ،جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل لارجر بینچ نے ہندو جیم خانہ کی بحالی سے متعلق شری رتنیشور مہادیو ویلفیئر شیوا منڈلی و دیگر کی درخواستوں کی سماعت کی۔سماعت کے موقع پر عدالت نے نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا) کو متبادل جگہ نہ دینے پر برہمی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری محکمہ ثقافت نے عدالت کو بتایا کہ انہیں پوسٹ پر آئے ہوئے ابھی ایک ہفتہ ہوا ہے۔ دوران سماعت چیف جسٹس آف پاکستان کا کہنا تھا کہ عدالت کو حکم دئیے ہوئے 3 سال ہوچکے ہیں اور آپ لوگ معاملہ ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں۔ سماعت کے دوران سیکریٹری ثقافت نے عدالت کو بتایا کہ متبادل جگہ کا معاملہ کمشنر کراچی کو بھیجا تھا۔ سماعت کے موقع پر عدالت کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں جگہ دیں یا چیف سیکریٹری کے گھر پر، پبلک پراپرٹی خالی کرائیں فوری، سارے جہاں کی پراپرٹیز ہیں ان کے پاس اور ناپا کیلئے جگہ نہیں مل رہی؟۔ اس موقع پر جیم خانہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ جیم خانہ میں مندر کو اسٹوڈیو میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ جس پرعدالت کاکہناتھا کہ اگر مندر ختم کیا گیا ہے تو شواہد دیں، ہم نے سارے مندروں کو بحال کرایا ہے اس کو بھی کرائیں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں