بسوں کی خریداری، چینی اور ترک کمپنیوں سے معاہدہ

بسوں کی خریداری، چینی اور ترک کمپنیوں سے معاہدہ

این آر ٹی سی کے ذریعے معاہدے کے تحت 250بسیں آئیں گی، پہلے مرحلے میں 50ڈیزل ہائبرڈ بسیں فروری میں کراچی کے چھ روٹس پر چلنا شروع ہو جائیں گی،سندھ حکومت نے فنڈزکی فراہمی یقینی بنائی،12سال تک بسوں کی دیکھ بھال این آر ٹی سی کرے گی، 2ہزارلوگوں کو روزگار ملے گا، صوبائی وزیرٹرانسپورٹ اویس شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے 250 بسیں سڑکوں پر لانے کیلئے این آر ٹی سی (نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن)کے ذریعے چینی اور ترکش کمپنی سے معاہدہ کرلیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے ترکی، چین کی کمپنیوں اور این آر ٹی سی کے ساتھ مشترکہ کنسور شیم بنایا اور معاہدہ کیا ہے۔ 31 جنوری کے بعد پہلے فیز میں 50 بسیں کراچی کی سڑکوں پر ہوں گی، فروری کے پہلے ہفتے میں بسیں چلنا شروع ہوجائیں گی، باقی دوسرے فیز میں آئیں گی۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کراچی سمیت 5 اضلاع کے لئے بسوں کی دستیابی کے لیے معاہدہ کیا گیا ہے ،منصوبے کے مطابق کراچی میں 6 روٹس پر ڈیزل ہائبرڈ بسیں چلیں گی اور 10 سے 12 سال تک بسوں کی دیکھ بھال این آر ٹی سی خود کرے گی۔ بسیں نہ صرف صرف اچھی حالت میں بلکہ چلتی ہوئی نظر آئیں گی۔ بسوں کا پروجیکٹ ایک چیلنج تھا، کنسورشیم نے مل کر کام کرنے کی آفر کی۔ اویس شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ جیسے مالی وسائل کا شکار صوبہ میں صرف ٹرانسپورٹ کیلئے 8 ارب روپے رکھنا مشکل تھا، سندھ حکومت نے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا، یہ پہلامنصوبہ ہے، دوسرے مرحلے میں 150 مزید بسیں لائیں گے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ان شا اللہ وہ دن دور نہیں جب بسیں کراچی کی سڑکوں پر نظر آئیں گی۔ اویس شاہ نے کہا کہ ہم کراچی سمیت صوبے کو اون کرتے ہیں، مخالفین آئیں ساتھ مل کر کام کریں صرف تنقید نہ کریں، ناقدین کو آج کئی سوالات کا جواب مل گیا ہو گا، کبھی پیلی، کبھی گرین بس کراچی کی سڑکوں پر نظر آئیں، پھر غائب ہوگئیں، اب ایسا نہیں ہوگا، ہم کسی کا روزگار نہیں چھینیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے سے موجود ٹرانسپورٹ موڈز کو متبادل روٹس دیں گے، ڈھائی سو بسوں میں 15 سو سے دو ہزار لوگوں کو نوکریاں ملیں گی۔ اویس شاہ نے کہا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود محکمہ ٹرانسپورٹ نے یہ کام کیا ہے۔ این آر ٹی سی کے بریگیڈیئر توفیق نے کہا کہ پہلے عام انتخابات میں کیمرے کامیابی سے لگا چکے ہیں، ہم بسوں کی خریداری اور دیگر ادائیگیوں کا تھرڈ پارٹی سے آڈٹ کرائیں گے، اب کراچی کے عوام بہت جلد نئی بسوں پر سفر کریں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں