شاپنگ سینٹر میں نقب زنی،ملزمان لاکھوں روپے اور کپڑا لے اڑے

شاپنگ سینٹر میں نقب زنی،ملزمان لاکھوں روپے اور کپڑا لے اڑے

طارق روڈ پر شاپنگ سینٹر میں نقب زنی کے دوران ملزمان لاکھوں روپے اور کپڑا لے اڑے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تفصیلات کے مطابق فیروز آباد تھانے کی حدود طارق روڈ پر قائم دبئی شاپنگ سینٹر میں نقب زنی کی واردات ہوئی۔ واردات میں ملزمان مارکیٹ کے اندر داخل ہوئے اور متعدد دکانوں کے تالے توڑ کر یا کاٹ کر لاکھوں روپے نقدی اور لاکھوں روپے مالیت کے کپڑے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پیش آیا، وہ جب نماز جمعہ کے بعد دکانوں پر پہنچے تب انہیں واردات کا علم ہوا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ سے مارکیٹ کا چوکیدار مکمل طور پر لا علم رہا، اس سے قبل بھی مارکیٹ میں واردات ہوچکی ہے تاہم واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے جس میں ملزمان کو مارکیٹ میں داخل ہونے کے بعد مختلف کوریڈورز میں گھومتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے کچھ کیمروں کے رخ بھی تبدیل کردیے تھے۔ ایف آئی آر کے اندراج پر ہی اصل نقصان کی مالیت کا اندازہ ہو سکے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں