31فیصد حادثات نشہ کے باعث ، ڈائریکٹر اے این ایف

31فیصد حادثات نشہ کے باعث ، ڈائریکٹر اے این ایف

منشیات کی روک تھام کیلئے شعور اجاگر کرنا معاشرے کی ذمہ داری،لیفٹیننٹ کرنل انوار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) منشیات کا استعمال انسان کو کمزور اور اپنوں سے دور کردیتا ہے ، اس وقت ملک میں 31 فیصد ٹریفک حادثات میں جانوں کا نقصان بھی منشیات کے استعمال کی وجہ سے ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرزاینڈ پلیسمنٹ اور ریجنل ڈائریکٹوریٹ آف اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کے مشترکہ تعاون سے منشیات کی روک تھام کے لیے ایس ایم آئی یو کے سر شاہنواز بھٹو آڈیٹوریم میں منعقدکی گئی آگاہی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اے این ایف سندھ کے جوائنٹ ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل انوار حسین نے کہا کہ یہ کسی انفرادی شخص کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ منشیات کی روک تھام کیلئے شعور اجاگر کرے، دنیا بھر میں 5.9 فیصد اموات منشیات کے استعمال کے باعث ہورہی ہیں جبکہ پاکستان میں 31 فیصد ٹریفک حادثات میں جانوں کا ضیاع بھی منشیات کے باعث ہورہا ہے ، یہ منشیات ہی ہے جس کی وجہ سے ہمارے ملک کی کریم ضائع ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم اس کے نقصانات کے حوالے سے معاشرے میں شعور اجاگر نہیں کریں گے اس وقت تک ہم اس پر قابو نہیں پاسکیں گے ۔آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی میمن اور اے این ایف کے جوائنٹ ڈائریکٹر کرنل انوار حسین نے ایک دوسرے کو شیلڈز بھی پیش کیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں