گلشن حدید، نومولود بچے کو زندہ جلانے کا افسوسناک واقعہ
بچہ معجزانہ طور پر بچ گیا، محلے کی خاتون کو بچہ زمین پر پڑا ملا،اسپتال منتقل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلشن حدید میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے ایک دن کے بچے کو زندہ جلانے کی کوشش کی، لیکن بچہ معجزانہ طور پر بچ گیا، محلے کی خاتون کو بچہ زمین پر پڑا ملا، جس نے فوری طور پر ون فائیو کو اطلاع دی، پولیس نے بچہ تحویل میں لے کر ابتدائی طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق بچے کی حالت تشویشناک ہے، جس جگہ سے بچہ ملا وہاں قریب میں اسپتال تھا، شبہ ہے کہ بچہ اسپتال سے یہاں لا کر جلانے کی کوشش کی گئی۔ یہ صاف واضح ہے کہ کوئی اپنے گناہوں کو چھپانے کے لئے معصوم جان کو جلانا چاہتا تھا۔ اس حوالے سے سماجی رہنما صارم برنی نے کہا کہ خدارا اپنے گناہوں کو چھپانے کے لئے ایک اور گناہ نہ کریں، بچوں کو قتل نہ کریں، ان کو سماجی اداروں کے حوالے کردیں، ان لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو فلاحی اداروں میں اپنے بچے جمع کراتے ہیں جو بعد میں کسی کے گھر کی زینت بنتے ہیں، بچوں کو کچرا کنڈیوں میں نہ پھینکیں، ہمیں دیں ہم کسی کو نہیں بتائیں گے۔ سماجی کارکن رمضان چھیپا نے کہا کہ ایسے سفاک واقعات آئے دن بڑھتے جارہے ہیں، نوزائیدہ بچوں کو نہ ماریں، چھیپا کے جھولوں میں ڈال دیں، ہم آپ سے نہیں پوچھیں گے یہ کس کا بچہ ہے، ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔