انسداد پولیو کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ، کمشنر

انسداد پولیو کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ، کمشنر

پاکستان کو پولیو فری بنانے کے لئے عالمی پارٹنرز کا تعاون قابل قدر ہے ، اقبال میمن ،پولیو اوور سائٹ بورڈ کے 13 رکنی وفد کے ساتھ جائزہ اجلاس، مختلف تجاویز پر غور

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں انسداد پولیو کے لئے شہری انتظامیہ اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ کراچی سے وائرس کا جلد از جلد خاتمہ ہو، پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے کے لئے عالمی پارٹنرز کا تعاون قابل قدر ہے۔ وہ اپنے دفتر میں پولیو اوور سائٹ بورڈ (پی اوبی) کے سر براہ اور بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے گلوبل ڈیولپمنٹ ڈویژن کے صدر ڈاکٹر کرس ایلس کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کرنے والے 13 رکنی وفد کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اس موقع پر قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر اسلام آباد کے کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ ،ایڈیشنل کمشنر کراچی جواد مظفر، ای او سی سندھ کو آرڈی نیٹر فیاض عباسی، اسلام آباد میں مقیم عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے نمائندے ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ کے افسران اور کراچی میں مقیم عالمی صحت کے اداروں کے نمائندے ، تمام ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسران و دیگر بھی مو جو د تھے۔ اجلاس نے رہ جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے اور وائرس کے خاتمے کی کوششوں کو مو ثر بنانے کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا اور فیصلہ کیا کہ پولیو ورکرز کی ٹیموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے ان کے لئے تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے اور دیگر اقدامات کے علاوہ مانیٹرنگ نظام کو موثر بنایا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں