ڈاکٹری مقدس پیشہ، اس کا احترام ضروری ، مرتضیٰ وہاب

ڈاکٹری مقدس پیشہ، اس کا احترام ضروری ، مرتضیٰ وہاب

مسیحاؤں کی ہڑتال سے مریضوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے ، ایڈمنسٹریٹرکراچی،سوبھراج اسپتال کے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کو اعزازیہ کے چیک دینے کی تقریب

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سب کو مل کر شہر اور ادارے کی بہتری کے لئے کام کرنا چاہئے اور ہمارا پہلا کام شہریوں کی خدمت ہونا چاہئے، نئے آنے والے ڈاکٹرز محنت، ایمانداری اور تندہی سے اپنے فرائض ادا کریں۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو سوبھراج میٹرنٹی اسپتال کے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کو اعزازیے کے چیک دیے جانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر میٹرو پولیٹن کمشنر ایس ایم افضل زیدی، مشیر مالیات غلام مرتضیٰ بھٹو، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر حمید جمانی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سوبھراج ڈاکٹر حوریہ مفادی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مزیدکہا کہ ڈاکٹری ایک مقدس پیشہ ہے، اس کا احترام ضروری ہے ، اس شعبے میں نئے آنے والے نوجوان ڈاکٹرز اپنے پیشے سے سنجیدگی اختیار کریں، ڈاکٹرز کا کام خدمت کرنا ہے، ان کے کام نہ کرنے یا ہڑتال کرنے سے مریضوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے اور قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوسکتی ہیں، اس لئے انہیں کسی بھی ایسے کام میں شرکت نہیں کرنی چاہئے جس سے ان کا پیشہ بدنام ہو۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کے مسائل ادارے کے اندر ہی حل ہونے چاہئیں۔ انہوں نے جنوری سے ستمبر 2021ء تک کے اعزازیے کے چیک ڈاکٹرز میں تقسیم کئے اورکہا کہ اگر وہ ایمانداری سے فرائض انجام دیں گے تو آئندہ بھی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں