ڈاکٹر نوشین کی پراسرار موت ، گرلز ہاسٹل کی انچارج کو ہٹا دیا گیا
جامعہ بے نظیر انتظامیہ کے ماتحت میڈیکل کالجز میں اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ
لاڑکانہ(بیورو رپورٹ)میڈیا میں خبریں نشر ہونے کے بعد جامعہ بے نظیر بھٹو کی وائس چانسلر نے ڈاکٹر نوشین کی پراسرار موت کے معاملے پر ایڈیشنل چارج پر تعینات چانڈکا میڈیکل کالج گرلز ہاسٹل کی انچارج ڈاکٹر لبنیٰ عدنان قریشی کو عہدے سے ہٹا دیا ہے ،ان کی جگہ بے نظیر کالج آف نرسنگ کی لیکچرار فریدہ راجہ کو تعینات کیا گیا ہے ۔ دو سال قبل اسی کالج کے اسی ہاسٹل میں نمرتا چندانی واقعے کے وقت بھی ڈاکٹر لبنیٰ عدنان ہی ہاسٹل انچارج تھیں ، انہیں ہٹائے جانے کے بعد دیگر اساتذہ اور افسران سے بھی ایڈیشنل چارجز واپس لیے جا سکتے ہیں، جس کے باعث جامعہ میں کھلبلی مچ گئی ہے ، جامعہ بے نظیر انتظامیہ نے ایک اور آرڈر کے ذریعے ماتحت میڈیکل کالجز میں تمام اسٹاف کی تمام چھٹیاں منسوخ کرکے انہیں اپنے موبائل ہر وقت آن رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔ واضح رہے کہ میڈیا کی جانب عدالتی احکامات اور سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سندھ کی ہدایات کے باوجود ایڈیشنل چارج پر اساتذہ اور افسران کی تعیناتیوں کی خبریں نشر کی گئی تھیں ۔