سردی کا موسم آتے ہی لنڈا بازار کی رونقیں بڑھنا شروع
پرانے گرم کپڑوں کے نرخ میں اضافہ، غریبوں کو خریداری میں مشکلات
جھڈو(نمائندہ دنیا)سردی کا موسم آتے ہی لنڈا بازار کی رونقیں بھی بڑھنا شروع ہوگئی ہیں، اس وقت ریلوے گراؤنڈ جھڈو میں سب سے بڑا لنڈا بازار قائم ہوگیا ہے جس میں غریب اور متوسط طبقے کے استعمال کیلئے گرم ملبوسات فروخت کیلئے رکھے گئے ہیں ، جن میں جیکٹ، جرسی، سویٹر، کوٹ، موزے ، کمبل اور شال وغیرہ شامل ہیں ، جیسے جیسے موسم تبدیل ہو رہا ہے ویسے ویسے گرم کپڑوں کی خریداری کا رجحان بڑھ رہا ہے ، رواں سال پرانے گرم کپڑوں کے نرخ میں بھی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جس سے غریب اور متوسط طبقے کے عوام کیلئے ان کپڑوں کی خریداری میں مشکلات پیش آرہی ہیں، خریداروں کے مطابق غریبوں کے پاس سردی سے نمٹنے کیلئے پرانے کپڑوں کی خریداری کے علاوہ اور کوئی ذریعہ نہیں ہے لیکن لگتا ہے اب یہ بھی نہیں خرید سکیں گے،نئے کپڑوں کی خریداری تو غریب اور متوسط طبقے کے بس کی بات نہیں ہے۔ جبکہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ اس وقت کونسی چیز ہے جو سستی ہے ،ہر چیز کے نرخ دگنے ہوچکے ہیں۔