انگریزی زبان سیکھتے سیکھتے ہم نے اردو کو بھلا دیا،مرتضیٰ وہاب

انگریزی زبان سیکھتے سیکھتے ہم نے اردو کو بھلا دیا،مرتضیٰ وہاب

اردو کے فروغ کیلئے ہر طرح کا تعاون کرینگے ،مولوی عبدالحق کانفرنس سے خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پارکس، باغات، عمارتوں اور سٹی کونسل ہال کو ادبی کانفرنسوں و مشاعروں کے انعقاد کے لئے استعمال کیا جائے گا، انگریزی زبان سیکھتے سیکھتے ہم نے اپنی قومی زبان اردو کو بھلا دیا ہے، ہم نے اپنے ماضی کو بھلا کر جو نئی چیزیں سیکھنی شروع کی ہیں ان کی وجہ سے آج اردو زبان کا یہ حال ہے، ایسی کانفرنسیں منعقد ہونی چاہئیں تاکہ آنے والے بچوں کو ماضی کی عظیم شخصیات سے روشناس کرایا جاسکے۔ یہ بات انہوں نے انجمن ترقی اردو کے زیر اہتمام دو روزہ مولوی عبدالحق کانفرنس سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب میں کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ لمحہ فکریہ ہے کہ کراچی سے زیادہ لاہور میں بہتر اردو بولی اور سنی جاتی ہے، بدقسمتی سے ہم لوگوں نے تہذیب وتمدن کو بھلا دیا ہے جس کی وجہ سے آج اردو کا یہ حال ہوا ہے، اردو زبان کی ترویج کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ انہو ں نے کہا کہ انجمن ترقی اردو جدید فنون کو استعمال کرتے ہوئے زبان کی ترویج پر کام کررہی ہے جس پر وہ خراج تحسین کی مستحق ہے، اردو کی ترویج وفروغ کیلئے سندھ حکومت ہر کا طرح تعاون کرے گی۔ تقریب میں صدر انجمن ترقی واجد جمال، ڈاکٹر شاداب احسانی، نامور ادیبوں، شاعروں، دانشوروں اور ادب دوست شہریوں نے شرکت کی۔ ادھر ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کلفٹن میں ڈرائیو ان سنیما سن سیٹ کے افتتاح کے بعد گفتگو میں کہا کہ کراچی میں جتنے اوپن اسپیس ہیں وہاں ثقافتی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں