کسٹم کی کارروائی، گھریلو سامان کی آڑ میں جعلی دستاویزات پر گاڑیاں کلیئر کرانے کی کوشش ناکام

کسٹم کی کارروائی، گھریلو سامان کی آڑ میں جعلی دستاویزات پر گاڑیاں کلیئر کرانے کی کوشش ناکام

پانچ سے زائد گاڑیاں ضبط،کلکٹریٹ آف کسٹمز اپریزمنٹ ویسٹ نے درآمد کنندگان، کلیئرنگ ایجنٹ کے خلاف کارروائی شروع کردی ، سخت نگرانی کی وجہ سے کلیئرنس کیلئے مختلف حربے استعمال کئے جارہے ، کسٹم حکام

کراچی (رپورٹ:نادر خان) کلکٹریٹ آف کسٹمز اپریزمنٹ ویسٹ نے گھریلو سامان کی آڑ میں جعلی دستاویزات پر گاڑیاں کلیئر کرانے کی کوشش ناکام بنادی، 5 سے زائد گاڑیوں کو ضبط اور جعلی بینک سرٹیفکیٹ، پی آر سی و دیگر دستاویزات کا استعمال کرنے والے درآمد کنندگان اور ان کے کلیئرنگ ایجنٹ کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی، بینکوں سے بھی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کلکٹریٹ آف کسٹمز اپریزمنٹ ویسٹ کے شعبہ آر اینڈ ڈی نے ایک کارروائی میں 5مختلف گاڑیاں ضبط کر کے مقدمات کا اندراج کر لیا۔کسٹم حکام کے مطابق حکومتی اقدامات کے باعث سخت نگرانی کی وجہ سے گاڑیوں کی کلیئرنس کیلئے مختلف حربے استعمال اور امپورٹ پالیسی 2019 میں جاری ایس آر او 52(i)2019 کو جواز بنا کر پرسنل بیگیج اور گفٹ اسکیموں کے تحت ڈیوٹی ٹیکسز سے بچنے کی کوشش کی جارہی ہے، حالیہ کارروائیوں میں پرسنل بیگیج کے نام پر آنے والے سامان میں گاڑیوں کی کلیئرنس کی بھی کوشش کی گئی، جسے ناکام بنا دیا گیا، ان گاڑیوں کی کلیئرنس کے لئے پروسس رئیلائزیشن سرٹیفکیٹ (پی آر سی)، انکیشمنٹ سرٹیفکیٹ سمیت دیگر دستاویزات بھی جعلی استعمال کی گئیں اور انہی کی بنیاد پر گاڑیاں کلیئر کرانے کی کوشش کی گئی، جن میں مختلف کمپنیوں کے ماڈل شامل ہیں اور انہیں بیرون ملک سے لانے کے بعد جعلسازی سے کلیئر کرایا جا رہا تھا، گاڑیاں ضبط کرکے علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر لئے گئے۔ کسٹم حکام کے مطابق اس جعلسازی میں بینک انتظامیہ، کسٹم حکام اور کلیئرنگ ایجنٹ کے حوالے سے تحقیقات اور ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں