سندھ ہائیکورٹ: پانچ منزلہ غیرقانونی عمارت مسمار کرنے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ: پانچ منزلہ غیرقانونی عمارت مسمار کرنے کا حکم

تعمیرات گرانے میں سیکیورٹی اداروں کی معاونت درکار ہو تو حاصل کی جائے، عدالت، ایس بی سی اے کو بلڈر کے خلاف کرمنل کارروائی کرنے کی بھی ہدایت،ڈی جی بلڈنگ کنٹرول کو بھی احکامات ارسال کرنے کا حکم، ڈائریکٹر ویسٹ سے 9 دسمبر تک رپورٹ طلب،بلوچ گوٹھ ایریا میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق درخواست کی سماعت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے ایم پی آر کالونی بلوچ گوٹھ ایریا میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف دائر درخواست پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو بلڈر کے خلاف کرمنل کارروائی کرنے کا حکم دے دیا، جبکہ عدالت نے ایس بی سی اے کو غیر قانونی عمارت مسمار کرانے کا بھی حکم جاری کیا ہے۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہاکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو اگر غیر قانونی تعمیرات گرانے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت درکار ہو تو حاصل کی جائے۔ عدالت نے ڈائریکٹر ایس بی سی اے ویسٹ سے 9 دسمبر تک عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے عدالتی احکامات ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر جنرل کو بھی ارسال کرنے کا حکم دے دیا۔ ہفتہ کو دو رکنی بینچ کے روبرو دوران سماعت عدالت میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق بلڈر نے بغیر منظوری کے تعمیرات کی ہیں۔ درخواست گزار نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ علاقے میں گراؤنڈ پلس ٹو سے زائد تعمیرات کی اجازت نہیں ہے، جبکہ بلڈر نے غیر قانونی طور پر گراؤنڈ پلس فائیو اسٹوری بلڈنگ تعمیر کرلی ہے، اس غیر قانونی عمارت کی تعمیر سے برابر والے مکان میں دراڑیں پڑ چکی ہیں، اس طرح کی غیر قانونی تعمیرات علاقے کے لئے خطرناک ہیں۔ ادھرانسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے12 مبینہ را ایجنٹوں کے خلاف مقدمے کی پیروی اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل خالد حسین اور ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عصمت اللہ جونیجو کے حوالے کرنے پر اٹارنی جنرل کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ عدالت نے عصمت اللہ جونیجو کو آئندہ سماعت پر وضاحت کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ عدالتی نوٹس میں کہا گیا کہ عدالتی حکم میں واضح ہے کیس کی پیروی ڈپٹی اٹارنی جنرل کو کرنی ہے، عدالتی حکم کے باوجود ڈپٹی اٹارنی جنرل کو کیس کی پیروی کے لئے مقرر نہیں کیا گیا۔ ہفتہ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے 12 مبینہ را ایجنٹوں کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالتی نوٹس میں کہا گیا کہ عدالتی حکم میں واضح ہے کیس کی پیروی ڈپٹی اٹارنی جنرل کو کرنی ہے، حکم کے باوجود ڈپٹی اٹارنی جنرل کو کیس کی پیروی کے لئے مقرر نہیں کیا گیا، ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عصمت اللہ جونیجونے کیس کو جان بوجھ خراب کرنی کوشش کی ہے، کیوں نہ آپ کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے، ایڈیشنل ڈائریکٹر کا موصول لیٹر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی اور عمل درآمد نہ کرنے کے برابر ہے، تاحال ڈپٹی اٹارنی جنرل کو کیس کی پیروی کے لیے مقرر نہیں کیا گیا،ایڈیشنل ڈائریکٹر کے اس عمل سے کیس کمزور ہورہا ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں