ایک ہفتے میں پولیس کارروائیاں،671 سے زائدملزمان گرفتار

ایک ہفتے میں پولیس کارروائیاں،671 سے زائدملزمان گرفتار

منشیات فروشوں کیخلاف مہم میں کروڑوں روپے کی چرس، ہیروئن اور آئس برآمد ،دوپولیس مقابلے ،3ڈاکوگرفتار،71چھینی وچوری شدہ موٹرسائیکلیں تحویل میں لیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میں جرائم کی روک تھام کیلئے اسٹریٹ کرمنلز، منشیات فروشوں اور مفرور ملزمان کیخلاف پولیس نے گزشتہ ہفتے ایسٹ، ویسٹ اور ساؤتھ زونز میں چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 671 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق پولیس کی جانب سے منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران مختلف علاقوں سے کروڑوں روپے مالیت کی 165 کلو 719 گرام چرس، 1 کلو 85 گرام ہیروئن اور 875 گرام آئس برآمد کی گئی۔گرفتار اسٹریٹ کرمنلز سے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر وارداتوں میں استعمال شدہ 92 سے زائد مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ تحویل میں لیا گیا۔ انسداد جرائم مہم کے دوران ملزمان سے پولیس کے 2 مقابلے ہوئے، فائرنگ کے تبادلے میں 2 زخمی ڈاکوؤں سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا۔ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کراچی نے مختلف کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کر کے 2 پستول بمعہ لوڈ میگزین، 3 کلو 330 گرام چرس اور 200 گرام ہیروئن برآمد کی۔ اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کراچی نے شہر کے مختلف علاقوں سے کار/ موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث گینگ کے 12 ملزمان گرفتار کر کے چوری/ چھینی گئی 6 گاڑیاں، 13 موٹر سائیکلیں برآمد کیں۔ پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 71 چھینی و چوری شدہ موٹرسائیکلیں اور 9 گاڑیاں تحویل میں لے لیں۔کراچی پولیس کی جانب سے جرائم کے خاتمے، امن وامان کی بحالی اور عوام کے تحفظ کے لئے اقدامات جاری رہیں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں