شہر کے مختلف علاقوں سے چار افراد کی لاشیں برآمد
پاک کالونی ، کینٹ اسٹیشن اور قائدآباد سے ملنے والوں لاشوں کی شناخت نہ ہوسکی،اورنگی ٹائون سے 30سالہ طلحہ کی لاش ملی، وجہ موت کاتعین نہ ہوسکا،جانچ جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں مختلف مقامات سے 4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق پاک کالونی کے علاقے گٹر باغیچہ کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی، جس کی عمر 30 سے 40 سال کے درمیان ہے جسے پولیس نے سول اسپتال منتقل کیا، جہاں متوفی کی فوری شاخت اور وجہ موت کا تعین نہیں ہوسکا۔ دوسری جانب کینٹ اسٹیشن نزد ایمپائر ہوٹل کے قریب سے 25سالہ نامعلوم شخص کی لاش پولیس نے جناح اسپتال پہنچائی ۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ متوفی نشے کا عادی تھا۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش چھیپا سردخانے منتقل کرا دی۔ قائد آباد پل کے نیچے سے ایک شخص کی لاش ملی، جسے پولیس نے جناح اسپتال منتقل کیا ۔ پولیس کے مطابق متوفی کی فوری شناخت نہیں ہوسکی، اس کی عمر 30 سے 35 سال کے درمیا ن ہے، ڈاکٹروں نے فوی طورپر وجہ موت نہیں بتائی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹس کے بعد وجہ موت سامنے آسکے گی۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش سرد خانے منتقل کرادی ۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے گلشن بہار نزد بروہی گوٹھ سے ایک شخص کی لاش ملی، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں متوفی کی شناخت 30 سالہ طلحہ صدیقی ولد اسماعیل کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق فوری طور پر وجہ موت کا تعین نہیں ہوسکا۔ پولیس واقعہ کی مزید جانچ کررہی ہے۔